لاہور (نامہ نگار) ہنجروال کے علاقہ منصورہ بازار میں گزشتہ روز بہن، بھائی پراسرار طور پر زہرخورانی سے ہلاک ہو گئے۔ ورثاءکے مطابق انہوں نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کی ہے جبکہ پولےس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ ہنجروال کے علاقہ منصورہ بازار، رانا ٹاﺅن میں رہائش پذیر 25 سالہ رخسانہ بی بی کی تین سال قبل شادی ہوئی اور اسکا شوہر نوکری کے سلسلے میں دبئی میں مقیم ہے جبکہ رخسانہ بی بی اپنے بڑے بھائی فہد اور13سالہ چھوٹے بھائی آکاش کے ہمراہ رہتی تھی۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب فہد اپنے ماموں کو ملنے ان کے گھر چلا گیا جبکہ اس دوران رخسانہ اور اس کا چھوٹا بھائی آکاش گھر مےں پرا سرارطور پر زہر خورانی کی وجہ سے ہلا ک ہو گئے۔ فہد کے مطابق رخسانہ نے اسے موبائل فون پر اطلاع کی کہ انہوں نے زہریلی گولیاں کھا لی ہیں۔ جب وہ گھر پہنچا تو دونوں بہن بھائی رخسانہ اور آکاش نیم مردہ حالت میں پڑے تھے۔ ہسپتال لے جایا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے۔ پولےس نے دونوں نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاءکے حوالے کر دےں۔ نعشیں گھر پہنچےں تو کہرام مچ گیا۔ متوفیوں کے عزیز و اقارب دھاڑیں مار کر روتے رہے۔