نیویارک (بی بی سی) امریکی شعبدہ باز اور فنکار ڈیوڈ بلین نے اپنے نئے شعبدے کے لئے تین دن اور راتیں بجلی کے مصنوعی طوفان میں گزارنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ اس عمل کا آغاز جمعہ کو کرنے والے ہیں اور اس کے لئے ان کے گرد بجلی خارج کرنے والے سات کھمبے نصب کئے جائیں گے جو 72 گھنٹے تک بجلی کے ہلکے جھٹکے دیتے رہیں گے۔ اس ایونٹ کو الیکٹریفائیڈ ہر لمحہ دس لاکھ وولٹ موجود کا نام دیا گیا ہے۔بدھ کو نیویارک میں اس شعبدے کی تشہیری تقریب میں انتالیس سالہ بلین کا کہنا تھا کہ میں کئی سال سے یہ کرنا چاہ رہا تھا۔ اس عمل کے دوران بلین زنجیروں کا لباس، ہیلمٹ حفاظتی خود اور ہیڈفونز پہنے رہیں گے انہیں ایک ٹیوب کی مدد سے پانی پلایا جائے گا اور وہ کھانے سے پرہیز کریں گے۔ آہنی لباس اور ہیلمٹ بلین اور بجلی کے کرنٹ کے درمیان حفاظتی دیوار کا کام کرے گا۔