لاہور (نوائے وقت رپورٹ) لاہور سے ملنے والی برطانوی مصورہ نے بہاولپور کے کاشتکار سے شادی کر رکھی ہے اور اس نے انٹرپول کے ذریعے واپس جانے سے انکار کر دیا ہے۔ برطانیہ میں اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر تین جولائی کو پاکستان پہنچنے والی الزبتھ ریڈ نے بہاولپور کے کاشتکار مدثر علی سے شادی کر لی ہے۔ انٹرپول نے برطانوی مصورہ کو ذہنی مریض قرار دیکر حکومت پاکستان سے اس کی واپسی کیلئے رابطہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کے دوران برطانوی خاتون نے بتایا وہ شوہر کو چھوڑ کر واپس نہیں جانا چاہتی ور اس نے اپنا اسلامی نام لیلیٰ رکھ لیا ہے۔ برطانیہ کی کاﺅنٹی کیمبرج شائر کے ریٹائرڈ سکول ٹیچر کی بیٹی پنسل سے پینٹنگز بنانے کی ماہر ہے لیکن اس کے برطانوی معالج کے سرٹیفکیٹ میں اسے بائی پولر ڈس آرڈر کی مریضہ بتایا گیا ہے۔ اس کے شوہر مدثر علی نے کہا کہ برطانوی حکومت نے ان کے نکاح نامے کو اس بنا پر تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے کہ سالانہ بیس ہزار پاﺅنڈ سے کم آمدنی والا برطانوی شہری غیرملکیوں سے شادی نہیں کر سکتا۔