نیویارک/اسلام آباد (آئی این پی) اقوام متحدہ نے کہاہے کہ پاکستان میں خواتین زندگی کے ہرشعبے میں مردوں سے پیچھے ہیں تاہم شرح اموات میں ان سے آگے ہیں۔ جمعرات کو اقوام متحدہ کے ادارے یواین ڈی پی کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیاہے کہ پاکستان میں خواتین ہرشعبہ میں مردوں سے پیچھے ہیں مگرشرح اموات میں مرد خواتین سے پیچھے ہیں۔ پاکستان میں اعلیٰ انتظامی ملازمتوں میں مردوں کے مقابلے میں عورتوں کا حصہ محض تین فیصد ہے۔ مردوں میں شرح خواندگی اکاون فیصد اور خواتین میں اٹھائیسں فیصد ہے۔ پرائمری سکولوں میں لڑکوں کی انرولمنٹ اسی فیصد اور خواتین کی چونسٹھ فیصد ہے۔ پاکستان میں انہتر فیصد محنت کش مردوں کے مقابلے میں صرف گیارہ فیصد خواتین ہی محنت مزدوری کرتی ہیں مگر بدقسمتی سے ایک سے چار سال تک کی لڑکیوں کی شرح اموات لڑکوں سے بارہ فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زچگی کے دوران ایک لاکھ عورتوں میں سے تین سوچالیس موت کی آغوش میں چلی جاتی ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان میں خواتین کی اوسط عمر بھی مردوں سے کم ہے۔