اسلام آباد (ثناءنیوز) وزیر اطلاعات و نشریات قمر زمان کائرہ نے واضح کیا ہے کہ طنز و مزاح کے نام پر ٹی وی چینلز پر سیاستدانوں کی تضحیک قطعاً قابل قبول نہیں ہے، حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے اور اس حوالے سے وزارت، میڈیا کو سہولیات فراہم کرنا چاہتی ہے۔ فخر الدین جی ابراہیم کی نگرانی میں بننے والے ضابطہ اخلاق پر شراکت داروں سے مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔ سینیٹرز نے بھی وزیر اطلاعات و نشریات کے م¶قف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز پر سیاست دانوں کو طبلہ اور ہارمونیم بجاتے اور ڈانس کرتے ہوئے دکھانا قطعاً تفریح نہیں ہے۔ مہذب اور جمہوری معاشرے ہی روایات اور اقدار کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو سینٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر کامل علی آغا کی صدارت میں ہوا۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہمیں خدشہ ہے کہ اشتہارات کی پالیسی کے حوالے سے وزیراعظم کو جو سمری بھجوائی گئی تھی یہ قبل از وقت انتخابات دھاندلی کی شروعات ہے۔ صاف و شفاف پالیسی ہونی چاہئے۔ انہوں نے تجویز دی کہ وزارت اطلاعات کو روزانہ کی بنیاد پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو جاری کئے گئے اشتہارات کی تفصیلات ویب سائٹ پر ڈالنی چاہئے۔ صدارتی ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے تجویز دی کہ پالیسی کے مکمل جائزہ کے لئے سینیٹر پرویز رشید کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے ساتھ غیر ملکی دوروں میں قطعاً نجی میڈیا کے نمائندوں کو شامل نہیںکیا جاتا ہے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ انتخابات سرپر ہیں تو اس وجہ سے یہ رہنما اصول جاری کئے گئے ہیں۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ قومی مفاد یہی ہے کہ اشتہارات کے حوالے سے مرکزی نظام ہونا چاہئے۔ قومی مفادات کو میڈیا کے حوالے سے علاقائی طور پر تحفظ نہیں کیا جا سکتا۔ عدم مرکزیت سے مسائل بڑھیں گے۔ انہوں نے پہلی بار اعتراف کیا کہ وزارت کا ایک کروڑ 20 لاکھ سیکرٹ سروس سٹرکچر فنڈ ضرور موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض میڈیا ہاﺅسز نے تسلسل سے سیاستدانوں کو تضحیک کا نشانہ بنایا ہوا ہے، بعض چینلز پر بھانڈ بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے تماشے لگا ئے ہوئے ہیں۔ سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ سیاستدانوں کو طبلہ بجاتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، اسے خواتین کے ساتھ بنیان اور نکر میں ڈانس کرتے ہوئے دکھایا جاتا ہے، یہ طنز و مزاح نہیں بلکہ تضحیک ہے۔ میڈیا کو اس کا احساس کرنا چاہئے۔ قمر الزمان کائرہ نے کہا کہ سیاستانوں کی تضحیک نہیں ہونے دوں گا۔