فیصل آباد/ سمندری (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پی پی 72 میں تحریک انصاف کے امیدوار شیخ خرم شہزاد کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں نڑوالا روڈ پر منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب مقابلہ اصل اور نقلی شیر کے درمیان ہوگا، عوام خود فیصلہ کریں گے کہ اصل شیر کون ہے اور نقل شیر کون ہے۔ پٹرول، بجلی و گیس کی قیمتوں میں کئے گئے اضافہ کو واپس نہ لیا گیا تو حکمرانوں کو غیظ و غضب دکھا دیں گے، عوام حکومت سے بیزار ہو چکی ہے تحریک انصاف 7۔اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں کسی قسم کی دھاندلی برداشت نہیں کرے گی۔ اب کوئی پاکستان تحریک انصاف کو دھوکہ نہیں دے سکے گا، ہماری تحریک نئے پاکستان کے قیام کے لئے کوشاں ہے اور نیا پاکستان عوام کے لئے ہے، موجودہ پاکستان صرف مخصوص اعلیٰ طبقے کے لئے ہے۔ اب تو حال یہ ہو گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں آنے کے لئے بھی بھاری سفارشات کی ضرورت پڑتی ہے۔ ڈاکو¶ں اور چوروں کو حوالات میں بند کرنے کی بجائے انہیں اعلیٰ عہدوں پر تعینات کر دیا گیا ہے، موجودہ حکومت نے 100دن کی حکومت میں مہنگائی اس قدر بڑھا کر رکھ دی ہے مزدور طبقہ تو کیا صنعت کار بھی سڑکوں پر آ گئے ہیں۔ بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات، اناج، گندم وغیرہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ نوجوان اگر اب بھی اپنے حقوق کے لئے کھڑے نہیں ہوں گے تو پھر کب ہوں گے، موجودہ وزیرخزانہ نے ٹیکسز بڑھا کر اور مہنگائی کر کے پیسہ اکٹھا کرنا شروع کیا ہوا۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کر کے ان کے ضمیر نہیں خرید سکتی۔ انہوں نے کہا کہ جو حکمران خود پیسے کی خاطر بک جاتے ہیں وہ بھلا دوسروں کو کیسے خرید سکتے ہیں۔ بجلی اس قدر مہنگی ہو گئی ہے کہ صنعت کار تو مارا ہی گیا جبکہ مزدور طبقہ تو خودسوزی کرنے پر مجبور ہو رہا ہے، موجودہ حکومت کو جنرل سیلزٹیکس کی بڑھائی گئی شرح کو فوری طور پر واپس لینا چاہئے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو بھی فوری طور پر واپس کم کرنا چاہئے۔ دریں اثناءعمران خاں نے کہا ہے کہ چھوٹے کسان کو مضبوط کئے بغیر ملک خوشحال نہیں ہو سکتا، کسانوں کو کماد فصل رقم کی ادائیگی ایک سال تک نہیں ہوتی، شو گر ملیں شریف برادران کی بھی ہیں وہ کسا نوںکو رقم کی بروقت ادائیگی کر کے دوسروں کے لئے مثال قائم کریں، موجودہ حکمرانوں کے سو دنوں میں ڈالر 10روپے مہنگا ہو گیا جس کا سارا بوجھ عوام پر پڑ رہا ہے وہ سمندری کے صوبائی حلقہ حلقہ پی پی 59 میں پی ٹی اے کے زیراہتمام منعقدہ کسان کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حکمران جن کی اپنی بہت سی شوگر ملیں ہیں کسانوں کو بروقت گنا کی ادائیگی کر دیں تو کسان کی بہت سی مشکلات حل ہو جاتی ہیں، دنیا میں پٹرول سستا پاکستان میں مہنگا کر دیا گیا جس سے مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو گا۔ عمران خان نے مزید کہاکہ 20سال قبل چین کے حکمرانوں نے چھوٹے کسانوں ریلیف فراہم کرکے 40کروڑ عوام کو بحرانوں سے نکالا اور کسانوں کی خوشحالی کےلئے بہتر اقدامات اٹھائے مگر پاکستان کے کسانوں کی بدقسمتی ہے کہ انہیں ریلیف نہیں مل رہا شوگر ملز مافےا کسانوں کے اربوں روپے ہڑپ کئے ہوئے ہے افسوس کہ شوگر مافےا میں شرےف برادران بھی شامل ہیں، بلدےاتی انتخابات میں عوام بھرپور حصہ لیں اصل جمہورےت بلدےات سے شروع ہوتی ہے اگر عوام نے بلدےاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ نہ لیا حکومت کے پٹھو دوبارہ عوام پر مسلط ہونگے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز چودھری،جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ےاسمین راشدہ، مرکزی رہنما فوزےہ قصوری، ضلعی صدر احمد راحیل بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف حلقہ این اے 79کے ٹکٹ ہولڈر خالد عبداللہ غازی کو مرکزی اور صوبائی قےادت کی جانب سے کنونشن کے دوران مسلسل نظرانداز کیا گےا صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ےاسمین راشدہ سے جھڑ کیں پڑ گئیں۔ علاوہ ازیں نڑوالا روڈ پر تحریک انصاف کے جلسے کے دوران انتظامیہ سے جلسے کی اجازت نہ لینے پر پولیس کی طرف سے تحریک انصاف کے کارکنوں اور حاضرین جلسہ پر لاٹھی چارج کیا گیا۔ اس دوران بھگدڑ مچنے سے الیکٹرانک میڈیا کے کیمرہ مین بھی گر پڑے اور انکے کیمرے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوئے۔ دھکم پیل میں پرنٹ میڈیا کے نمائندوں کو بھی چوٹیں آئیں۔ پولیس کی طرف سے تحریک انصاف کے کارکنوں سے جھنڈے چھین کر انکے ذریعے بھی بدترین لاٹھی چارج کیا گیا۔ نڑوالا روڈ پر تحریک انصاف کا جلسہ جاری تھا تو پولیس کی طرف سے کہا جا رہا تھا کہ تحریک انصاف نے انتظامیہ سے جلسے کے انعقاد کیلئے کوئی اجازت نہیں لے رکھی تاہم تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جب خطاب شروع کیا اور اپنے روایتی انداز میں جلسہ میں موجود نوجوانوں، کارکنوں اور حاضرین کو کہا کہ وہ ڈائس کے آگے موجود حفاظتی حصار کو پھلانگ کر آگے بڑھ آئیں تو اس دوران نوجوان کارکنان اور حاضرین حفاظتی جنگلے پھلانگ کر آگے ڈائس کی طرف بڑھے جس سے بھگدڑ مچ گئی اور پولیس کی طرف سے شدید لاٹھی چارج شروع کردیا گیا۔ جلسے کے دوران پولیس کی طرف سے کئے جانیوالے لاٹھی چارج کی پرزور مذمت کی گئی اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ حکومت پنجاب اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ اس دوران بیشتر صحافی جلسے کا بائیکاٹ بھی کر گئے۔
مہنگائی کے خلاف صنعتکار بھی سڑکوں پر آ گئے:عمران‘ فیصل آباد میں جلسہ کے شرکا پر پولیس کا لاٹھی چارج
Oct 05, 2013