اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے عمران خان کا ہر دعویٰ اور ہر تاریخ جھوٹی ثابت ہوئی، اگلی عید تک انتخابات کا جھوٹا وعدہ بھی جھوٹا ثابت ہو گا۔ وزیراعظم دس افراد کا وفد لیکر امریکہ گئے تھے عمران خان اپنے شاہی حکیم شاہ محمود قریشی اور خورشید قصوری سے پوچھیں امریکہ میں کہاں ٹھہرتے تھے؟ ایک بیان میں انہوں نے کہا عمران خان غیرملکی امداد کے بغیر نیا خیبر پی کے نہیں بنا سکتے نیا پاکستان کیسے بنائیں گے؟۔آن لائن کے مطابق پرویز رشید نے کہا ہے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے جلسے ان کی ناکام دھرنوں سے نکلنے کی حکمت عملی ہے۔ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا عمران خان نے چوبیس گھنٹے بھی دھرنے میں نہیں گزارے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان اور طاہر القادری اپنا زیادہ تر وقت آرام دہ کنٹینروں میں گزارتے ہیں جبکہ عوام اور کارکنوں کو گرمی بارش اور حبس میں رہنے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ انہوں نے سوال کیا جو اپنے دھرنوں میں وی آئی پی کلچر کو ختم نہیں کر سکے وہ ملک سے اس کو کیسے ختم کریں گے۔