اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+آن لائن) عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہرالقادری اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی طرف سے کنٹینر کے اندر عید منانے کے اعلان کے بعد قربانی کے جانور دھرنا کے مقام پر آنا شروع ہو گئے ہیں۔ علامہ طاہرالقادری نے اسلام آباد انتظامیہ سے کہا ہے کہ قربانی مذہبی فریضہ ہے‘ اسلئے قربانی کے جانور لانے میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔ ذرائع کے مطابق جب اونٹ ڈی چوک لایا جا رہا تھا تو پولیس نے اسے روکنے کی کوشش کی‘ تاہم دھرنے کے شرکاء نے اونٹ چھڑا لیا اور اسے ڈی چوک منتقل کر دیا۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریڈ زون میں شاہراہ دستور پر عید الاضحیٰ منائی جا رہی ہے، عید کی نماز پڑھائی جائے گی اور انسانی خون کی بجائے پہلی مرتبہ شاہراہ دستور قربانی کے جانوروں کے خون سے رنگین ہو گی۔ یہ پہلا موقع ہو گا کہ شاہرائے دستور پر عید کی باجماعت نماز کی ادائیگی بھی کی جائے گی۔ دھرنوں میں شریک بہت سے ایسی افراد جنہوں نے اپنی زندگیوں میں پہلی مرتبہ (اور شاید آخری بار) انتہائی سکیورٹی انتظامات سے لیس ریڈ زون میں آنے اور سرکاری عمارات و وزارتیں قریب سے دیکھنے کا شرف حاصل کیا ہے وہ ایک دوسرے سے ریڈ زون میں عید ملیں گے، بہت سی خواتین بھی اس عید کی خوشیاں شاہراہ دستور پر ہی منائیں گی۔ یہاں قربانی کے گوشت سے پکوان تیار کئے جائیں گے افراد شاہراہ دستور پر بابی کیو کی محافل بھی منعقد کریں گے۔
اسلام آباد‘ قربانی کے جانور دھرنوں کے مقام پر آنا شروع ہوگئے
Oct 05, 2014