اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) تحریک انصاف نے بجلی کے بلوں پر ہر ماہ صارفین سے اضافی وصولیوں اور مبینہ ملی بھگت سے کی گئی 70 ارب روپے کی اووربلنگ کی رقم واپس کرانے کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نہ صرف 70 ارب روپے کی رقوم صارفین کو واپس کی جائیں بلکہ زائد بلنگ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم بھی دیا جائے۔ درخواست تحریک انصاف کے رہنمائوں اسد عمر ٗ ڈاکٹر عارف علوی اور ڈاکٹر شیریں مزاری کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں وفاق ٗ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں اور واپڈا سمیت 14 فریق بنائے گئے ہیں۔ یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے سال 2014ء کی بلنگ کا ریکارڈ بھی طلب کیا جائے تاہم رجسٹرار آفس نے درخواست کو نامکمل قرار دیتے ہوئے اس پر اعتراضات عائد کر دئے ہیں۔