واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ کی بااثر ترین خاتون رکن برائے امریکی ایوان نمائندگان شیلا جیکسن وزیر اعظم نواز شریف کے اکتوبر کے آخر میں دورے پر شایان شان استقبال اور خیرمقدم بارے کانگریس میں قراداد پیش کریںگی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں امریکہ کادورہ کرینگے وہ یہ دورہ امریکی صدر باراک اوباما کی دعوت پر کر رہے ہیںدورہ کی یہ دعوت انہیں امریکہ کی قومی سلامتی کی مشیر سوسن رائس نے اگست میں اپنے دورہ کے دوران اوباما کی طرف سے پہنچائی تھی۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف دورہ کے آغاز پر شکاگو میں منعقدہ کاروباری اعلیٰ سطحی کانفرنس میں شرکت کرینگے۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف امریکہ کی نمایاں ترین کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے ساتھ گول میز کانفرنس کرینگے اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد سے بالمشافہ ملاقاتیں بھی کرینگے۔ وزیر اعظم اپنے دورہ امریکہ کے دوران صدر باراک اوباما ، امریکی کابینہ کے اہم ارکان اور غیرملکی پالیسی سازوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کرینگے۔ پاکستانی امریکن کمیونٹی کے واشنگٹن میں دوسرے کنونشن کے موقع پر شیلا جیکسن نے اپنے ویڈیو پیغام میں امریکہ کے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں پاکستانیوں کے مثبت کردار کو سراہا ۔اس موقع پر امریکہ میں پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کے دورہ سے پاکستان اور امریکہ کے تعلقات مزید وسعت پذیر ہونگے۔