لاہور (خبرنگار) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے جب شیر جاگتا ہے تو گیدڑ بھاگ جاتے ہیں۔ یہ لوگ ایک طرف استعفے دیتے ہیں پھر واپسی کیلئے منتیں کرتے ہیں۔ عمران خان اسی اسمبلی کو جعلی کہتے تھے جس میں پہنچنے کیلئے بے تاب رہتے ہیں۔ وہ سمن آباد میں سردار ایاز صادق کے انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا عمران خان کہتے ہیں لوگ نواز شریف کو کیوں ووٹ دیتے ہیں، اسلئے کہ ہم امریکی دباﺅ قبول نہیں کرتے۔ ہم نے امریکی دباﺅ مسترد کرکے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ انہوں نے کہا عمران خان کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے وہ اسمبلی پر ہروقت کوئی نہ کوئی الزام لگاتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں بیٹھنے والوں کے خلاف غلط زبان استعمال کرتے تھے۔ ان کے الزام، جھوٹ، بہتان مسلم لیگ (ن) کے قافلے کا راستہ نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا اسمبلی جعلی ہے تو اس میں جانے کیلئے مرے کیوں جاتے ہیں۔ ہم نے اپنا مقدمہ عوام کے سامنے رکھا ہے۔ لاکھوں ووٹ لینے کے باوجود دوبارہ الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مسلم لیگی رہنما طلال چودھری نے کہا جو اپنی پارٹی میں لوٹ مار ختم نہ کر سکے وہ ملک میں لوٹ مار کیسے ختم کرے گا۔ عمران خان کے دائیں اور بائیں لٹیرے کھڑے ہیں۔ 11 اکتوبر شیر کی فتح کا دن ہوگا۔ ایک طرف سیاسی مفاد۔ دوسری طرف یوٹرن خان ہے۔ ماروی میمن نے کہا میاں نواز شریف نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا۔ ضمنی الیکشن میں ایک بار پھر عمران خان کو شکست ہوگی۔ سردار ایاز صادق نے کہا 11اکتوبر کو عوام کا فیصلہ تاریخی ہوگا، عمران کی ٹانگیں شکست دیکھ کر کانپ رہی ہیں۔ ہم عمران خان کو یونین کونسل اور وارڈ کی سطح پر آئے ہیں، پیسوں سے الیکشن جیتے جاتے تو عبدالعلیم خان کو کبھی شکست نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا عمران خان ہمیشہ دھاندلی کی بات کرتے ہیں مگر انہوں نے کونسے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے کہا نوجوان دھرنے کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور اب اس سے نفرت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا شیر اپنا دفاع کرنے کیلئے تیار ہے عوام ہمیشہ کی طرح مسلم لیگ (ن) کو ہی منتخب کریں گے۔ عمران کی تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا عمران خان اور ان کی جماعت لاہور اور اس سے متصل اضلاع شیخوپورہ، گوجرانوالہ، اوکاڑہ اور ننکانہ سے پوری کوشش کے باوجود 10 ہزار آدمی بھی اکٹھے نہیں کر سکے۔ لاہور شہر نوازشریف کے متوالوں کا ہے۔ زعیم حسین قادری نے پریس کانفرنس میں کہا عمران خان جلسے کی ناکامی پر اپنے عہدیداروں پر برستے رہے۔ عمران خان کے جلسے میں سب سے زیاہ مضحکہ خیز بات علیم خان اور جہانگیر ترین کا لوگوں پر بددیانتی کے الزامات لگانا ہے۔ قبضہ مافیا اور قرضے معاف کرانے والے تحریک انصاف کے سرکردہ لوگ بن چکے ہیں۔ عمران خان نے تو وعدہ کیا تھا وہ جلسے میںکوئی نئی بات کریں گے لیکن عوام اور میڈیا اس بات کے گواہ ہیں ماسوائے جھوٹے الزامات دہرانے کے کوئی نئی بات نہیں کی گئی۔ آئی این پی کے مطابق نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی وبجلی عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان کے وزیراعظم نواز شریف پر لگائے گئے تمام الزامات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ شیخ رشید وزیراعظم نواز شریف کے چمچے اور ان کے بچوں کو فٹ بال کھلاتے تھے۔ فیصل آباد کے چنیوٹ بازار میں شیخ رشید نے ماں کی قسم کھا کر کہا تھا کہ مجھ پر ماں کا دودھ معاف نہ ہو اگر میں میاں صاحب کا ساتھ چھوڑ دوں، ریلوے کا بیڑا غرق ہونے کے بھی شیخ رشید ذمہ دار ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ایاز صادق نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا مسلم لیگ (ن) کے شیر اپنی سیٹ کا دفاع کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اپنی ہار دیکھ کر عمران خان کی ٹانگیں لڑ کھڑا رہی ہیں، عمران کی سیاست کو یونین کونسل کی سطح پر لے آئے ہیں جب پارٹی کا سربراہ وارڈ کی سطح تک پہنچ جائے تو معاملہ گڑ بڑ ہے۔ آن لائن کے مطابق رحمان پورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اور سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا این اے 122 پہلے بھی میرا تھا اور آئندہ بھی میرا ہی رہیگا، اس بار عمران اور علیم خان سے مقابلہ ہے، دونوں کو شکست دوں گا۔ الیکشن کمشن کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا علیم خان کے خلاف کروڑوں روپے کے فراڈ سمیت 4 ایف آئی آرز درج ہیں، لاہور کی گلیاں اور کوچے ہمارے ہیں۔ آئی اےن پی کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا عمران خان اور انکے نامزد امیدوار عبدالعلیم 11 اکتوبر کو بڑی شکست سے دوچار ہوں گے کیونکہ جب لاہور کے شیر جاگتے ہیں تو گیدڑ بھاگ جاتے ہیں۔ عمران خان کی جھوٹ اور الزام کی سیاست مسلم لیگ (ن) کے ترقی کے سفر کو نہیں روک سکتی، لاہور ہمارا شہر ہے جہاں ترقی کے کام کروا کر ہم نے عوام کی حالت بدل ڈالی ہے۔ تحریک انصاف نے اسی سپیکر سے حلف لئے تھے اور اسی کو جعلی سپیکر قرار دیتے رہے۔ اسمبلی اور سپیکر جعلی تھا تو کیونکر اسی اسمبلی میں جانے کیلئے بیتاب ہیں؟ سردار ایاز صادق نے کہا کہ این اے 122 کے نتائج کو قبول کریں گے جو ہاتھ ملانا پسند نہیں کرتے تھے لوگوں سے بغلگیر ہو رہے ہیں، دھرنوں اور تشدد کی سیاست عوام نے مسترد کردی۔ عمران نے کونسے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کی، انکی قسمت میں صرف رونا ہے۔ تحریک انصاف 2018ءکے عام انتخابات سے متعلق پریشان ہے، دھرنے کی سیاست نے راہداری منصوبہ ختم کیا تو دوبارہ موقع نہیں ملے گا۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا دو سال میں ہی عمران خان کی سیاست مینار پاکستان سے ڈونگی گراﺅنڈ میں گر گئی۔ عمران خان کے امیدوار اپنے نوٹوں کو ووٹوں سے تبدیل نہیں کر سکتے۔ ہری پور میں مسلم لیگی امیدوار سے عمران خان کی شکست خیبر پی کے میں ناکامی کا ثبوت ہے۔ مزید برآں معاون خصوصی وزیراعظم آصف کرمانی نے کہا ہے 11اکتوبر کو شرافت کی سیاست، قبضہ گروپ کی سیاست کو دفن کر دے گی۔ این اے 122میں شیر دھاڑے گا عمران خان این اے 122میں پھر شکست کا سامنا کریں گے۔ مسلم لیگی، پی ٹی آئی کا غرور خاک میں ملا دیں گے، ضمنی الیکشن میں عمران خان ایک بار پھر شکست کو گلے لگائیں گے۔پرویز رشید نے کہا تحریک انصاف کا نام تحریک الزام رکھ لینا چاہئے۔ سٹے آرڈر کا طعنہ دینے والے عمران پہلے اپنے گریبان میں جھانکیں۔ پی ٹی آئی کے 6 ایم این اے اور ایک وزیر سٹے آرڈر پر ہیں۔ عدالت میں پی ٹی آئی کا اپنا وکیل تاریخ مانگتا رہا۔ نیب نے عمران کی فرمائش پر پرویز مشرف دور میں نوازشریف پر مقدمات بنائے تھے۔ ایک انٹرویو میں پرویز رشید نے واضح کیا کہ کشمیر کے بارے میں اپنے مو¿قف پر قائم ہیں۔ پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کشمیریوں کی سفارتی‘ اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم کی جانب سے پیش کردہ چار نکاتی فارمولہ عالمی قوانین کے مطابق ہے۔
پرویز رشید
پرویز رشید