اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ اسلام آباد کے نور خان ائربیس پر وزیراعظم نواز شریف نے بیلاروس کے صدر کو خوش آمدید کہا۔ اعلیٰ سرکاری وفد بھی بیلاروس کے صدر کے ہمراہ ہے۔ الیگزینڈر لوکاشینکو صدر ممنون حسین، وزیراعظم نوازشریف، سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ بیلاروس کے صدر، وزیراعظم کی دعوت پر پاکستان کا تین روزہ سرکاری دورہ کررہے ہیں۔ دورے کے دوران مختلف معاہدوں پر دستخط ہوں گے۔ صدر الیگزینڈر لوکاشینکو اور وزیراعظم نوازشریف چوتھے پاکستان بیلاروس بزنس و سرمایہ کاری فورم کا افتتاح کریں گے۔