اقوام متحدہ (نمائندہ خصوصی) روس کے اقوام متحدہ میں سفیر وٹالی چرکن جو اکتوبر کیلئے سلامتی کونسل کے سربراہ بھی ہیں، نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ اپنی پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا سلامتی کونسل کے ارکان پاکستان بھارت کشیدگی کے حوالے سے تبادلہ خیال نہیں کر رہے۔ پاکستانی صحافی کی جانب سے پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا میں اس طرف نہیں جائوں گا، آپ اس پر بات کیوں نہیں کرینگے؟ اس سوال پر انہوں نے کہا اس لئے کہ سلامتی کونسل میں اس موضوع پر بات نہیں کی جا رہی۔ انہوں نے پھر کہا میں اس پر بات نہیں کرونگا۔ واضح رہے 21 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم نواز شریف نے مطالبہ کیا تھا کہ سلامتی کونسل کشمیریوں کو حق خودارادیت کے حوالے سے اپنی قرارداد پر عملدرآمد کرائے۔