لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمشن کی جانب سے الیکٹرانک مشینوں کے ذریعے مجوزہ ووٹنگ کے خلاف دائر رٹ درخواست میں نوٹس جاری کرکے فریقین سے 17 اکتوبر کو جواب طلب کرلیا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ نے محمد اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ الیکشن کمشن آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ الیکشن کمشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے حصول کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈرز بھی طلب کئے، فراہمی کیلئے قوائد وضوابط اتنے مشکل رکھے ہیں کہ کوئی بھی پاکستانی کمپنی الیکشن کمشن کی شرائط پر پوری نہیں اتر سکی، جس کی وجہ سے الیکشن کمشن نے غیر ملکی کمپنیوں سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جن میں ہمارا ازلی دشمن بھارت بھی شامل ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو ہیک کرنا انتہائی آسان ہے اور غیر ملکی ملک دشمن طاقتیں آسانی سے نادرا، ایف بی آر اور دوسرے انتہائی حساس اور قیمتی ڈیٹابیس تک رسائی حاصل کرکے ملکی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہیں۔