لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے کرکٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔پاکستان کو سیریز میں دو صفر کی ناقابلِ شکست برتری حاصل ہے۔ اگر پاکستانی ٹیم تیسرا ون ڈے بھی جیت گئی تو اس صورت میں وہ ایک روزہ میچوں کی عالمی رینکنگ میں نویں سے آٹھویں نمبر پر آ جائے گی۔فاسٹ بائولر وہاب ریاض کو ون ڈے انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے کے لیے دو وکٹیں درکار ہیں۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے 19 ویں پاکستانی بائولر بن سکتے ہیں۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم 2008 کے بعد ابوظہبی میں پہلی بار ون ڈے میچ کھیل رہی ہے۔ 2008 میں کھیلی گئی سیریز کے تینوں میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی۔پاکستان نے ابوظہبی میں 29 ون ڈے انٹرنیشنل کھیلے ہیں جن میں اس نے 13 جیتے اور 16 میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں ‘سیریز 3-0سے جیتنا چاہتے ہیں،پاکستان ون ڈے ٹیم میں کافی بہتری آئی ہے۔ون ڈے میں پہلی چار پوزیشنز میں آنا چاہتے ہیں،حسن علی ایک بہترین کھلاڑی ہے مزید کم بیک کریں گے،48ڈاٹ بال میں 36فیصد پر آگئے ہیں،کم ڈاٹ بال کھیلنے سے تین سو ٹوٹل کررہے ہیں۔ عامر ٹیم کیلئے اچھا کھیل رہا ان میں مزید بہتری آئے گی۔ہم نے کبھی یہ نہیں سوچا کہ سیریز جیت لی بلکہ ہم نے جو ٹارگٹ مقرر کئے ہیں ان کو حاصل کرنا ہے ۔ ہمیں کھلاڑیوں کو ایک گروپ میں ڈھالنا ہے ‘ہماری کوشش ہوگی ان کو بہتر سے بہتر وننگ کمبی نیشن میں ڈھال سکیں۔چیلنجز کا سامنا کر کے بہت لطف اندوز ہوتا ہوں ۔ ویسٹ انڈیز کو سیریز میں دبا ئو میں رکھا ہے اور یہ دبائو برقرار رکھیں گے ۔ویسٹ انڈیز کمزور ٹیم نہیں ‘ہم اچھے کھیل کی بدولت کامیابی حاصل کی ہے ۔
کھلاڑیوں کے حوصلے بلند سیریز میں کلین سویپ کرینگے :مکی آرتھر
Oct 05, 2016