لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) یکے بعد دو میچوں میں ویسٹ انڈیز ٹیم کو ہونے والی شکست سے مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کا مورال گر چکا ہے جس کا فائدہ اٹھانا چاہئے۔ بابر اعظم اس دورہ کی بہترین دریافت ہے۔ قومی ٹیم کی فیلڈنگ کا معیار ابھی بہتر نہیں ہوا۔ ان خیالات کا اظہار سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے گفتگو میں کیا۔ سابق ٹیسٹ کرکٹر سلیم الطاف نے کہا کہ قومی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کرنا چاہئے۔ بابر اعظم کے علاوہ عماد وسیم اور محمد نواز کی صلاحیتیں کھل کر سامنے آ ئی ہیں جو آنے والے سالوں میں خدمات انجام دینے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کا کہنا ہے کہ فیلڈنگ کی بہتری کے لئے محنت کی ضرورت ہے۔ بابر اعظم اور شعیب ملک کی پارٹنر شپ نے پاکستان ٹیم کو جیت کے قابل بنایا۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اب سیریز جیتنے کے بعد ٹیم مینجمنٹ بنچ پر بیٹھے کھلاڑیوں کو بھی موقع دے گی۔ سابق آل راؤنڈر اکرم رضا نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی خوش قسمت ہیں کہ انہیں یو اے جیسی کنڈیشنز میں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع مل رہا ہے اور وہ شاندار کارکردگی کا مظاہر ہ کر رہے ہیں۔ بابر اعظم باصلاحیت بیٹسمین ہیں قومی ٹیم ون ڈے سیریز میں وائٹ واش کر یگی۔
سیریز میں کلین سویپ کیلئے فیلڈنگ میں بھی جان لڑانا ہو گی : سابق کرکٹرز
Oct 05, 2016