میلبورن (اے پی پی) آسٹریلوی ٹیم کے فاسٹ باﺅلر جیمز پیٹنسن فٹنس مسائل کے باعث رواں برس انگلینڈ کے خلاف شیڈول ایشز سیریز سے باہر ہو گئے، حالیہ کمر کی تکلیف کے پیش نظر ان کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان ثبت ہو گیا، وہ ایشز سیریز سے باہر ہونے والے چوتھے آسٹریلوی کھلاڑی ہیں۔آسٹریلوی ٹیم کے فزیو ایلکس کونٹورس کے مطابق رواں برس انگلینڈ میں کھیلی گئی چیمپئنز ٹرافی اور کاﺅنٹی کرکٹ سے وطن واپسی پر ہم نے طبی معائنے کے بعد پیٹنسن کو دورہ بنگلہ دیش سے آرام دینے کا فیصلہ کیا، آرام کے بعد انہوں نے دوبارہ باﺅلنگ کا آغاز کیا تاہم وہ سو فیصد فٹنس حاصل نہیں کر سکے، ڈاکٹرز باقاعدگی سے ان کی انجری کا جائزہ لیتے رہے اور اس دوران متعدد بار ان کا سکین بھی کیا گیا تاہم ان کی حالیہ کمر کی انجری سنجیدہ نوعیت کی ہے جس کے باعث وہ ایشز سیریز میں ٹیم کو دستیاب نہیں ہو سکیں گے، مجھے پوری امید ہے کہ وہ انجری سے چھٹکارہ پانے کے بعد دوبارہ کرکٹ میدانوں میں واپسی کریں گے۔
آسٹریلوی فاسٹ باﺅلر جیمز پیٹنسن فٹنس مسائل کے باعث ایشز سیریز سے باہر ہو گئے
Oct 05, 2017