نئی دہلی(آن لائن) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوارج نے ایک بار پھر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہی کشمیر میں تشدد بھڑکانے کا ذمہ دار ہے اور اقوام متحدہ میں انہوںنے پاکستان کو آئینہ دکھانے کی کوشش کی جسے عالمی برادری نے مان لیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا بھارت یقینی طور پر جذبہ خیر سگالی کا مظاہرہ کررہا ہے اور پاکستانی بیماروں کو علاج فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن جواب میں پاکستان گولیاں برسانے اور بم پھینکنے کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوںنے کہا یہ سلسلہ زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا ہے کیونکہ عالمی برادری بھارت کے موقف کی حمایت کرنے لگی ہے۔ انہوںنے کہا پاکستان کو دہشت گردوں کی فیکٹری کو بند کرنا ہوگا۔انہوںنے کہا کشمیر میں پاکستان کی مداخلت کی وجہ سے تشدد کی آگ بھڑکی ہوئی ہے یہی وجہ ہے سرحد پار در اندازی کو پاکستان آڑ فراہم کررہا ہے لیکن اب فوج بھر پور انداز میں جواب دے رہی ہے۔ انہوںنے کشمیرمیں امن کو مرکزی حکومت کی پہلی ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان اور بھارت پڑوسی ہیں اور پڑوسیوں کو بدلا نہیں جاسکتا لہذا دونوں ممالک کو مذاکرات کو ترجیح دینا ہوگی۔ انہوں نے پاکستانی بیمار بچے کو بھارت آنے کی اجازت دینے کو جذبہ خیرسگالی سے تعبیر کیا۔
پاکستان کشمیر میں تشدد بھڑکانے کا ذمہ دار، دہشت گردوں کی فیکٹری بند کرے: سشما سوراج کی ہرزہ سرائی
Oct 05, 2017