اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) خیبر پی کے کی ایک جیل میں تین خطرناک دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ ان تینوں دہشت گردوں کو فوجی عدالت سے موت کی سزا سنائی گئی تھی جس کی آرمی چیف نے توثیق کر دی تھی۔ پھانسی پانے والوں میں پشاور ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تین خطرناک دہشت گرد شامل ہیں۔ ساجد ولد ابراہیم خان، کالعدم تنظیم کا سرگرم رکن اور پشاور میں پی آئی اے کے طیارے پر ہونے والی فائرنگ میں ملوث تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق جبکہ 2 مسافر زخمی ہوگئے تھے، وہ عام شہریوں کے قتل اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں پر حملے میں بھی ملوث تھا۔ پھانسی پانے والا بہرام شیر ولد خیران سرکاری گرلز سکول پر حملوں سمیت مسلح افواج پر حملوں میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں ایک سپاہی شہید جبکہ دو زخمی ہوئے۔ بہرام کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا، اس نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ کے روبرو جرائم کا اعتراف کیا، جس کے بعد اسے سزائے موت سنائی گئی۔ تیسرا دہشت گرد کالعدم تنظیم کا سرگرم کارکن مسلح افواج پر حلوں میں ملوث تھا، جس کے نتیجے میں چار سپاہی شہید جبکہ ایک زخمی ہوا۔