اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی ) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے ایڈیشنل سیکرٹری جنر ل کرنل (ر) سید سخاوت حسین کاظمی نے قائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی خصوصی ہدایت پرسید الساجدین حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی شہادت کے سلسلے میں 15تا25محرم الحرام ”عالمی عشرہِ بیمارِ کربلا “منانے کا اعلان کیا ہے۔تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کی محرم کمیٹی عزاداری سیل کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے عشرہ محرم کے پرامن انعقاد پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اپنی بساط کے مطابق احسن اقدامات کیے۔انہوں نے کہا کہ شہادتِ حسین ؑ کے بعد بیمار ِ کربلا نے جس استقامت ‘ صبروبرداشت کے ساتھ راہِ مشکلات و صدمات کو عبور کیا وہ تاابدالآباد دنیائے انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہے۔ آپ ؑ کے ناتواں کاندھوں پر الہی ذمہ داریو ں کا بارِ گراں تھا ‘آپ ؑ چونکہ شہیدانِ کربلا کے عظیم وارث تھے اسی بناءپر آپ شہدائے کربلا کی میراث کو تحفظ فراہم کرنا اپنی اہم ذمہ داری سمجھتے تھے۔
فقہ جعفریہ کا 15تا25محرم” عالمی عشرہِ بیمار کربلا“منانے کا اعلان
Oct 05, 2017