لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے کہاکہ ہے کہ سپریم کورٹ میں نواز شریف کے پارٹی صدر بننے کو چیلنج کریں گے، آئین کہتا ہے کہ نااہل شخص کسی پارٹی کا سربراہ نہیں ہوسکتا، مسلم لیگ (ن) نے یہ ترمیم کر کے آئین کے ساتھ مذاق کیا ہے، نااہل شخص کو صدر بنانے والی ترمیم کی بھرپور مزاحمت کریںگے، آئین میں تبدیلی کے خلاف پورے ملک میں جلسے کریں گے اور عوام کی عدالت میں جائیں گے، نواز شریف پاکستان کے اداروں، عدلیہ اور فوج سے لڑ رہے ہیں، تحریک انصاف کسی قیمت پر اداروں کا تصادم نہیں ہونے دیگی، نواز شریف نہ نااہلی سے جان چھڑا سکے گا نہ ہی مسلم لیگ ن والی پارٹی چل سکے گی۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر بابراعوان نے میاں محمود الرشید، راجہ ریاض اور شاہد نسیم گوندل کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹاﺅن میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ کیسا قانون ہے جو ایک پارٹی کے علاوہ باقی کسی کو منظور نہیں ہے، نواز شریف کے لئے چور دروازے کھولنے کے لئے کوششیں ہو رہی ہیں، انہوں نے کہاکہ ایل این جی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نااہل نواز شریف کو بچانے میں مصروف ہیں، پنجاب ہاو¿س کو نواز شریف نے جاتی عمرہ اور ماڈل ٹاﺅن بنا رکھا ہے عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے عیاشیاں کررہے ہیں، پنجاب ہاو¿س کو نااہل لیگ کا دفتر بنا دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو آئینی بحران سے نکالنے کا طریقہ صرف نئے انتخابات میں ہے ، الیکشن مواد کی پرنٹنگ کے لیے پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کی بجائے پرائیویٹ کمپنی کو ٹھیکہ دینے کی خبریں ہیں، ایسا کر کے دھاندلی کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اکتوبر پاکستان کے لیے آسان مہینہ نہیں رہاہے، تحریک انصاف انتخابات کے لیے حکومت پر دباﺅ ڈالے گی۔ انہوں نے آڈیٹر جنرل سے مطالبہ کیا ہے کہ نواز شریف کے اخراجات کا احتساب کرے، اکتوبر کے مہینے میں پورے پاکستان سے تازہ الیکشن کی آواز سنائی دے گی۔
بابر اعوان
نواز شریف کی پارٹی صدارت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے: بابر اعوان
Oct 05, 2017