لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں صاف پانی فراہمی کے منصوبہ میں بے ضابطگیوں اور پنجاب بھر میں قائم کمپنیوں اور سی ای اوز کو دی جانے والی مراعات کی مکمل تفصیلات فراہم نہ کرنے پر سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پر تفصیلات فراہم نہ کی گئیں تو وزیراعلیٰ پنجاب کو طلب کیا جائے گا۔ جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے سماعت کی۔ صاف پانی کمپنی کے چیف ایگزیکٹو پیش ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کی طرف سے عدالت کے حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا۔ کمپنیوں میں مرضی کی تعیناتیاں کرکے ادارے کو تباہ کرنے کی کوشش تو نہیں کی جا رہی۔ ادارے کو اسی طرح تباہ کیا جارہا ہے جس طرح ملک کو تباہ کیا گیا۔ کمپنیوں کی تفصیلات فراہم کیوں نہیں کی جا رہی ہیں۔کیا یہ ایسٹ انڈیا کمپنی ہے۔ کمپنیوں کے سی ای اوز کو25/25لاکھ روپے تنخواہ کی مد میں دئیے جا رہے ہیں، لیکن کوئی پوچھنے والا نہیں۔ عدالت نے سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔
صاف پانی کمپنیاں‘ آئندہ سماعت پر تفصیلات نہ ملیں تو وزیراعلیٰ پنجاب کو بلائیں گے: ہائیکورٹ
Oct 05, 2017