کوئٹہ(بیورو رپورٹ)پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا ہے امریکہ جان لے ایران کبھی دباﺅکا شکار نہیں ہو گا، گزشتہ 4 دہائیوں سے پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں ، ایران کو سی پیک منصو بے میں سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کی شرکت داری پر کوئی اعتراض نہیں ،عا لمی طاقتیں مسلم ممالک کے اندرونی معاملات سے فائدہ اٹھا کر انہیں غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، امہ کیخلاف عالمی سازشوں کوناکام بنانے کیلئے متحد ہوکرجدوجہد کرنا ہوگی۔ کوئٹہ کے تین روزہ دورہ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان اور ایران دو ہمسایہ اور برادرممالک ہیںمگر سرحد پار سے کچھ عناصر حملے کر کے دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا ایران کسی بھی دہشت تنظیم کو نہ سپورٹ کرتا ہے اور نہ ہی ان کا کسی گروہ سے تعلق ہے، پاکستان اور ایران دونوں دہشت گر دی کا شکار ہےں۔ انہوں نے سی پیک منصوبے کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا اس سے خطے میں تر قی اور خوشحالی آئے گی، یہ منصوبہ دنیا کیلئے پیغام ہے لڑائی جھگڑوں کادورگزرچکا معاشی ترقی کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے مشترکہ دشمن کو پہچاننا ہوگا،پاکستان اور ایران باہمی دشمن کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ کردار ادا کرےں گے، داعش جیسی تنظیموں کا مقابلہ کرنے کے لیے اتحاد پیدا کرنا ہوگا۔ ایران بین المذاہب ہم آہنگی پیدا کرنے کے بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، ایران اور پاکستان روز اول سے بہترین دوستوں کی طرح رہے، پاک ایران گیٹ کامقصد پاکستان کیساتھ دوستی اور محبت ہے، دونوں ممالک کی خواہش ہے آنے والی نسلوں کے لئے بہتر مستقبل کی کوشش کریں۔ خطے میں پائی جانے والی دہشت گردی سے دونوں ممالک نبردآزما ہیں، دنیا جان چکی ترقی کا راستہ جنگ نہیں باہمی روابط ہیں،سعودیہ عرب سمیت تمام اسلامی ممالک کی پاکستان میں سرمایہ کاری خوش آئند، کسی بھی مسلم ملک کی پاکستان کیساتھ شراکت داری کا خیرمقدم کریںگے۔ گیس، بجلی منصوں کی تکمیل سمیت نومنتخب حکومت سے بہت سی امیدیںہیںکہ وہ نوجوان نسل کیلئے ہزاروں روزگار کے مواقع سمیت بہتر صحت اورتعلیم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے اقدامات اٹھائیںگے۔
ایرانی سفیر