گوجرانوالہ/ لاہور (نمائندہ خصوصی+ سٹاف رپورٹر+ اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ) ایف آئی اے کی ٹےم نے چھاپہ مار کر نارووال سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں کروڑوں روپے کی بے ضابطگیوں پر سابق ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ اختر نواز، اسسٹنٹ انجینئر سرفراز رسول اور ٹھیکیدار محمد احمد کو گرفتار کرلیا، ایف آئی اے کے مطابق 2014ءمیں نارووال میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کا آغاز ہوا تھا، اس سپورٹس کمپلیکس پر تین ارب روپے لاگت آئی تھی سپورٹس کمپلیکس نارووال پاکستان سپورٹس بورڈ کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے ملک ناصر مجید نے بتایا کہ اختر نواز نے کروڑوں روپے کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پرمن پسند ٹھیکیدراروں کو دیا، اس کے علاوہ ہاکی سکور بورڈ، ڈانسنگ فانٹینز، فلٹریشن پلانٹ سمیت ناقص میٹریل خریدا گیا تھا۔ بعدازاں یونیورسٹی آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی کی بوگس ٹیسٹ رپورٹ تیار کی جس میں سارے سامان کودرست قرار دیا۔ ملزموں کے دیگر ساتھیوں ایکسئین پاکستان سپورٹس بورڈ اعجاز اکبر اور سپرنٹنڈنٹ اظہار احمد کو گرفتار کر نے کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے منصوبے کا افتتاح مکمل ہونے سے قبل ہی کر دیا۔ ایف آئی اے نے ریاض پیرزادہ، احسن اقبال اور یوسف رضا گیلانی کو شامل تفتیش کرنے پر فیصلہ کیا ہے۔ اختر نواز کا 15 روزہ ریمانڈ حاصل کر لیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں قومی خزانے سے کروڑوں روپے کے فنڈز ذاتی اکاﺅنٹس میں منتقل کرنے کے کیس میں نیب نے پیپلز پارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی غلام محمد کیخلاف ریفرنس کی منظوری دیدی۔ نیب سکھر کے مطابق کسٹم حکام نے قطری گاڑیوں کے معاملے پر ریڈکو ٹیکسٹائل کے جنرل منیجر عرفان صدیقی کو گرفتار کر لیا۔ یوسف احد ملک کیخلاف احد ٹاور میں سپلیمنٹری ریفرنس دائر کر دیا گیا ہے۔ نیب نے پاک عرب سوسائٹی کے مالک عمار گلزار کو ہائیکورٹ کے باہر سے، گلبرگ سے رابی سینٹر کے کرپشن سکینڈل میں دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ رابی سینٹر کے مالکان ایل ڈی اے کی کمرشلائزیشن فیس کی مد میں 30 کروڑ روپے سے زائد نادہندہ بھی ہیں۔
اختر گنجیرا