لودھراں(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر ثاقب علی عطیل نے کہا ہے کہ کتابیں قوموں کو دانش اور وژن دیتی ہیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ ایئر کنڈیشنڈ وڈیجیٹل لائبریری اہلیان لودھراں کیلئے علمی تحفہ ہیں جس سے ضلع لودھراں کی نسلیں ترقی کی منزلیں طے کریں گی۔ انہوںنے یہ بات گزشتہ روز علامہ اقبال میونسپل لائبریری کی بحالی اور ڈیجیٹل کرنے کی افتتاحی تقریب سے بہ حیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب کی صدارت چیئر مین ضلع کونسل میاں راجن سلطان پیرزادہ نے کی جبکہ یو ایس ایڈ کے چیف آف پارٹی قیصر ندیم ، چیئر مین بلدیہ لودھراں شیخ افتخار الدین تاری مہمان اعزاز تھے۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز عارف ضیائ، ہدایت اللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر لودھراں محمد دانش زکریا،ضلع لودھراں کے لکھاریوں ، لائبریری کمیٹی کے ممبران ، لائبریری کے پرانے اورنئے ممبران اور معززین موجود تھے قبل ازیں میاں راجن سلطان پیرزادہ نے لائبریری کے لئے50 ہزار روپے اور لائبریری کے 40 سالہ پرانے ممبر یعقوب عاربی نے 10 ہزار عطیہ دینے کا اعلان کیا بعدازیں ڈپٹی کمشنر ثاقب علی عطیل نے تمام مہمانوں کے ہمراہ لائبریری کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور لائبریری کے مختلف شعبے دیکھے اور کافی وقت لائبریری میں گزارا۔
لودھراں میں ائیرکنڈیشنڈ و ڈیجیٹل لائبریری قائم ‘ ڈی سی نے افتتاح کیا
Oct 05, 2018