لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس)کرکٹ ورلڈ کپ 2019 کی پاکستان کے دورہ پر آئی آئی سی سی ٹرافی لاہور کا دورہ مکمل کر کے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد پہنچ گئی۔ لاہور میں آئی سی سی ورلڈ کپ ٹرافی کو جی سی یونیورسٹی، واہگہ بارڈر اور شوکت خانم کینسر ہسپتال میں نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔ لاہور میں دوسرے روز صبح گیارہ بجے آئی سی سی ٹرافی کو گورنمنٹ کالج پہنچایا گیا جہاں سینکڑوں کی تعداد میں طلبہ ٹرافی کی جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب دکھائی دئیے۔ 1992ء کے ہیرو مشتاق احمد ٹرافی لیکر اوول گراؤنڈ میں داخل ہوئے۔ یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبا نے ٹرافی اور مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان لمحات کو یادگار بنایا‘طلبا کے دھکم پیل کی وجہ سے تقریب بد نظمی کاشکار ہو گئی۔ فوٹو اور سیلفیز سیشن کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشتاق احمد کا کہنا تھاکہ92 ء کی ٹرافی کو تھامنا کیریئر کا سب سے یادگار لمحہ تھا۔ اگلے سال ہونے والے ورلڈکپ کی ٹرافی کو ہاتھ میں پکڑنے کی بھی بہت خوشی ہو رہی ہے۔ اس ٹرافی کی پاکستان آمد کا مقصد میگا ایونٹ کے لئے سب میں جوش وخروش کو بڑھانا ہے۔ اس کے ساتھ پوری دنیا میں پاکستان کا مثبت امیج مزید اجاگر ہوگا۔ پاکستانی ٹیم یہ ٹرافی جیتنے کی مکمل اہلیت رکھتی ہے۔
کرکٹ ورلڈ کپ 2019 ء ٹرافی کا2روزہ دورہ لاہور مکمل
Oct 05, 2018