لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ کشمیر بھارت کے ہاتھ سے نکل رہا ہے اس لئے وہ بوکھلاہٹ میں شوشے چھوڑرہا ہے جب سے پاکستان بنا ہے بھارت پاکستان کے خلاف ہے۔ مگر پاکستان اللہ تعالی کے فضل وکرم سے آگے بڑھ رہا ہے۔ عثمان بزدار نہایت سمجھدار، سوجھ بوجھ رکھنے والے اور کام کرنے والے وزیر اعلی ہیں۔ وہ کامیاب وزیر اعلی ثابت ہوں گے۔بلدیاتی نظام بننے سے پہلے ہی احتجاج، سمجھ سے باہر ہے۔گزشتہ دور کے نااہل حکمران کی عیاشیوں اور نا عاقبت اندیشی کی وجہ سے وطن عزیز کا بچہ بچہ قرض میں جکڑا ہوا ہے۔عوام ملک لوٹنے والوں سے ملکی دولت واپس چاہتے ہیں۔ ہم ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے اور عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا ء آرٹس کونسل لاہور میں یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء کی فن پاروں اور دستکاریوں کے نمونوں کی نمائش کے افتتاح کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔بعد ازاں سپیکر نے یونیورسٹی آف گجرات کے طلباء سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ علم قوموں کی ترقی کا ضامن ہے۔ ضلع گجرات معاشی و صنعتی حوالے سے ملک بھر میں ایک مقام و حیثیت رکھتا ہے۔ گجرات کے باسیوں اور ہونہار سپوتوں نے اپنی ذہانت و لیاقت کا لوہا دنیا بھر میں منوایاہے۔ ضلع گجرات میں جدید اہمیت کی حامل یونیورسٹی کا قیام ناگزیز تھا۔ انہوں نے نمائش میں پیش کردہ طلباء کے فن کی تعریف کی اور کہا کہ ہمیں اپنے نوجوانوں کے ٹیلنٹ پر فخر ہے۔ بعدازاں یونیور سٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر ضیاء قیوم نے سپیکر کو سو ینیئر بھی پیش کی۔