سرگودھا‘ لاہور (نامہ نگار + این این آئی) سی پیک منصوبے کے تحت میانوالی‘ بھکر ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کرنے کیلئے نیا ٹریک بچھانے کا کام شروع کیا جارہا ہے۔ 15 اکتوبر سے ملتان اور راولپنڈی کے درمیان چلنے والی ٹرینوں کے روٹ تبدیل کئے جانے کا امکان ہے۔ ریلوے ذرائع کے مطابق ملتان سے براستہ مظفر گڑھ‘ بھکر‘ لیہ‘ میانوالی‘ راولپنڈی چلنے والی مسافر ٹرینوں کو براستہ خانیوال جھنگ سرگودھا‘ خوشاب‘ میانوالی‘ راولپنڈی چلانے کیلئے محکمہ ریلوے نے اقدامات کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے۔ ٹریک بچھانے سے ٹرینوں کا روٹ عارضی طور پر تبدیل ہوسکتا ہے جو ملتان‘ خانیوال‘ شورکوٹ‘ جھنگ‘ سرگودھا‘ خوشاب‘ میانوالی ہوگا۔ دوسری جانب ریلوے انتظامیہ کے دعوئوں کے باوجود ٹرینوں کا شیڈول بحال نہ ہو سکا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔کراچی ایکسپریس 3 گھنٹے 40 منٹ ،پاک بزنس 3گھنٹے 50 منٹ ،شاہ حسین ایکسپریس 3 گھنٹے 55 منٹ ،فرید ایکسپریس 2 گھنٹے 30 منٹ ،قراقرم ایکسپریس 4 گھنٹے 10 منٹ ،جناح ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ ،گرین لائن ایکسپریس 2 گھنٹے 10 منٹ ،تیزگام ایکسپریس 2 گھنٹے 40 منٹ،علامہ قبال ایکسپریس 2 گھنٹے 50 منٹ ،خیبر میل 2 گھنٹے 10 منٹ،اکبر ایکسپریس 1 گھنٹہ 40 منٹ ،جعفر ایکسپریس 1 گھنٹہ 55منٹ ،عوام ایکسپریس 1 گھنٹہ ،ملت ایکسپریس 3 گھنٹے 30منٹ اور شالیمار ایکسپریس 3 گھنٹے 10 منٹ تاخیر کا شکار رہی۔
سی پیک منصوبے کے تحت میانوالی‘ بھکر ریلوے ٹریک کی اپ گریڈیشن شروع
Oct 05, 2019