اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ دیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کی جائے، اسٹیٹ بنک کا ڈیٹا، خفیہ اکاونٹس، بیرون ملک سے اربوں کھربوں روپے کی غیرقانونی رقوم کی تفصیلات جاری کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔ مقدمے کی سماعت اوپن ہونی چاہئے، قوم کا حق ہے کہ حقائق جانے ۔ اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا عمران صاحب کی طرف سے تمام حقائق اور الیکشن کمیشن کی کاروائی کو خفیہ رکھنے کی درخواست دی گئی ہے۔ اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں ۔ انہوں نے کہا پارٹی کے 23 اکاؤنٹس خفیہ کیوں رکھے گئے ، اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں ،دوسروں کا 1970 سے تین نسلوں اور ذاتی کاروبار کا حساب اور آپ سے آپ کے بارے میں بھی سوال نہ ہو ، اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں ۔وزیراعظم نوازشریف جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوسکتے ہیں، عمران صاحب الیکشن کمیشن میں کیوں نہیں،،پیسے کہاں سے آئے اور کیوں چھپائے گئے؟ تلاشی دیں،کس نے پیسے لئے اور کس کے اکاونٹ میں آئے؟ اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں تلاشی ۔مریم اورنگزیب نے کہا جعلی اور خفیہ اکاونٹ سے پیسے کہاں استعمال ہوئے اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں،انہی اکاونٹس سے بنی گالہ کا محل بنا اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دیں۔علیمہ باجی کی اربوں روپے کی بیرون ملک جائیدادیں انہی خفیہ اکاؤنٹس سے بنیں اگر چوری نہیں کی تو تلاشی دے۔علاوہ ازیں ایک بیان میں مریم اورنگ زیب نے کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف ایک ہیں، مخالفین حسد کی آگ میں جل رہے ہیں۔ نوازشریف اور شہبازشریف کے بارے میں بیانات مایوس اور ناکام ذہنوں کی پیداوار ہیں۔ جب ڈیل اور ڈھیل کا چورن نہیں بکتا تو دو بے مثال بھائیوں میں شرانگیزی کی جاتی ہے۔ نالائق جھوٹی حکومت نواز شریف اور شہباز شریف کے متعلق بیانات پر چل رہی ہے۔