ملک کے بیشتر حصوں میں بارش‘ موسم تبدیل‘ پہاڑوں پر ہلکی برف باری

اسلام آباد (صباح نیوز) ملک کے بیشتر حصوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ کراچی، لاہور، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بادل برسے۔ بالائی علاقوں میں پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہو ئی۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں کہیں تیز کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ مختلف شہروں میں ژالہ باری سے موسم سرد ہو گیا۔ گجرات، وزیرآباد، سانگلہ ہل، پتوکی، مظفر گڑھ اور کوٹ چھٹہ میں بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ 24 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے۔ صدر، قائد آباد، ایف بی ایریا، ناظم آباد سمیت کراچی کے دیگر علاقوں میں رات گئے موسلادھار بارش ہوئی۔ بادل برستے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے بارش کا سلسلہ تین روز جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، شورکوٹ، بہاولنگر میں موسلادھار بارش ہوئی۔ ننکانہ صاحب، سکھیکی، دینہ، جہلم، پھالیہ اور راجن پور میں بھی بارش نے موسم بدل دیا۔ سرگودھا، قصور، منڈی بہاالدین، جلالپور بھٹیاں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔پشاور شہر میں بھی بادل برسے اور خنکی بڑھ گئی، ڈیرہ اسماعیل خان میں ہلکی بارش جبکہ میر انشاہ میں تیز بارش اور ژالہ باری سے سردی کا آغاز کر دیا۔ نواب شاہ اور سیہون سمیت سندھ کے بعض علاقوں میں بھی بارش ہوئی۔ میرپورشہر اور گردونواح میں طوفانی ہواؤں سے میرپور یونیورسٹی آف سائنس ٹیکنالوجی میں ٹینٹ اکھڑ گئے۔آئندہ چوبیس گھنٹے میں موسم کی یہی صورتحال برقرار رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے اپر سندھ میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

ای پیپر دی نیشن