ؒٓلاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج ہفتہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ شام 6 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا، اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے آئی لینڈرز کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز میں 2-0 سے شکست دی تھی، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ون ڈے میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، سری لنکن ٹیم کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے لئے بھی سرفراز احمد قومی ٹیم کی قیادت کرینگے جبکہ مہمان سری لنکن ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت داسن شناکا سرانجام دیں گے۔ مہمان ٹیم کیلئے کراچی کے بعد لاہور میں بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ ہوٹل میں کسی غیر متعلقہ آدمی کو ملنے کی اجازت نہیں ہے۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں کامیابی کے لئے دونوں ٹیمیں پرعزم ہیں اور دونوں ٹیموں نے میچ سے قبل قذافی سٹیڈیم میں خوب پریکٹس کی ہے اور اس اعتبار سے ٹی ٹونٹی سیریز میں کانٹے دار مقابلوں کی توقع کی جارہی ہے ۔ شائقین کرکٹ کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔ پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کے علیم ڈار اور احسن رضا آن فیلڈ امپائر، پاکستان کے ہی شوزاب رضا تھرڈ امپائر ہونگے اور آصف یعقوب فورتھ امپائر ہوں گے جبکہ آسٹریلوی ڈیوڈ بون میچ ریفری کے فرائض سرانجام دینگے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سیریز کیلئے ڈیوڈ بون کو میچ ریفری مقرر کیا ہوا ہے۔ ون ڈے سیریز کے اختتام کے بعد قومی ٹیم ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کے لیے تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے، قذافی سٹیڈیم میں گرین شرٹس کھلاڑیوں نے پریکٹس کی، پریکٹس کے دوران قومی ٹیم کے باولنگ کوچ وقار یونس نے فاسٹ باولر محمد حسنین کو خصوصی ٹپس دیں۔ٹریننگ کے دوران کھلاڑیوں نے خوب ورک آؤٹ کیا، لمبے عرصے بعد ٹیم میں واپس آنے والے عمر اکمل اور احمد شہزاد نے بھی ٹریننگ میں حصہ لیا۔ سکیورٹی کیلئے قذافی سٹیڈیم کے اطراف ٹریفک کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں واقع کے داخلی راستوں کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمد و رفت کے لیے بند کردیاگیاہے، ان میچوں کے لیے اہلکاروں سمیت تمام متعلقہ افراد کو خصوصی کارڈز جاری کیے گئے ہیں۔ پریکٹس کے بعد دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی ۔
پاکستان، سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی میچ آج، کھلاڑیوں کی پرکٹس، ٹرافی کی رونمائی
Oct 05, 2019