لاہور(چودھری اشرف) سری لنکا نے پاکستان ٹیم کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں 64 رنز سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی۔ سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز سکور کیے جواب میں پاکستان ٹیم 101 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گوناتھلیکا اور فرنینڈو نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے شروع اننگز سے ہی جارحانہ اندار اپنایا۔ سری لنکا نے اپنے پہلے پچاس رنز 4.5 اوور میں ہی بغیر کسی نقصان کے مکمل کر لیے۔ گونا تھلیکا نے پاکستانی باولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور 32 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ان کی دوسری نصف سنچری تھی۔ سری لنکا کا مجموعی سکور 84 پر پہنچا تو اس موقع پر گوناتھلیکا 57 کے انفرادی سکور پر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ سری لنکن کھلاڑی نے اس پر رویو بھی لیا لیکن وہ ضائع گیا اور امپائر کے فیصلے کو درست قرار دیا گیا۔ سری لنکا نے اپنے 100 رنز 11.5 اوورز میں مکمل کیے جکہ اس کی صرف ایک وکٹ ہی گری تھی۔ راجاپاکاسا اپنے اوپنر فرنینڈو کا ساتھ دینے کے لیے میدان میں آئے اور انہوں نے بھی جارحانہ انداز کو اپنایا۔ سری لنکا کا سکور 120 پر پہنچا تو اس موقع پر فرنینڈو اپنی شاٹ پر رن لینے کی کوشش میں شاداب خان کی تھرو پر رن آوٹ ہو گئے۔ فرنینڈو نے 34 گیندوں کا سامنا کیا جس میں تین چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ دو کھلاڑیوں کے آوٹ ہونے کے بعد سری لنکن کپتان ڈوسن شناکا خود میدان میں آئے۔ 135 کے ٹوٹل پر سری لنکا کو ایک اور وکٹ کا نقصان برداشت کرنا پڑا جب پاکستان کے محمد حسنین نے مہمان ٹیم کے راجاپاکاسا کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر کے میدان سے باہر بھیج دیا۔ محمد حسنین کی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں پہلی وکٹ تھی۔ راجاپاکاسا 22 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے اپنی ٹیم کے لیے 32 رنز جوڑے۔ تین وکٹیں گرنے کے بعد سری لنکن کپتان نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پاکستانی فاسٹ باولر فہیم اشرف اور اوپر تلے دو چھکے لگائے اور اپنی ٹیم کے ٹوٹل کو 150 تک پہنچا دیا۔ 153 کے سکور پر سری لنکن ٹیم کے کپتان ڈوسن شناکا بھی محمد حسنین کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باونڈری لائن پر کھڑے عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ اگلی ہی گیند پر محمد حسنین نے شیہان جے سوریا کو بھی شاداب خان کے ہاتھوں کیچ آوٹ کر کے میچ میں اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ اوپر تلے وکٹیں کرنے سے سری لنکا کے رنز کرنے کی رفتار کم ہو گئی۔ آخری تین اوورز میں سری لنکن ٹیم صرف 15 رنز سکور کر سکی۔ سری لنکن ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر 165 رنز سکور کیے۔ اوڈانا 5 اور ڈی سلوا 7 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے باولنگ میں محمد حسنین نے 37 رنز کے عوض تین جبکہ شاداب خان نے 33 رنز دیکر ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا۔ دوسرے اوور میں پاکستان کا سکور 13 پر پہنچا تو اوپر تلے پاکستان کی دو وکٹیں گر گئیں۔ نوان پردیپ نے پہلے بابر اعظم کو وکٹوں کے پیچھے 13 کے انفرادی سکور پر آوٹ کیا اور اگلی ہی گیند پر عمر اکمل کر بھی بغیر کسی سکور کے ایل بی ڈبلیو آوٹ کر کے میدان سے باہر بھجوا دیا۔ پاکستان کو تیسرا نقصان 22 کے سکور پر اس وقت اٹھانا پڑا جب احمد شہزاد بھی چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ افتخار احمد اور کپتان سرفراز نے وکٹ پر ٹھہر کر قومی ٹیم کے سکور کو آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 46 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی تھی کہ 68 کے ٹوٹل پر اس وقت خاتمہ ہو گیا جب دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مس انڈر سٹینڈنگ ہو گئی۔ امپائر نے افتخار احمد کو رن آوٹ قرار دیا۔ انہوں نے 25 رنز سکور کیے۔ پاکستان کا سکور 76 پر پہنچا تو اس موقع پر کپتان سرفراز احمد بھی 24 کے انفرادی سکور پر سری لنکن باولر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ پاکستان کی چھٹی وکٹ 85 کے سکور پر عماد وسیم کی گری جو 7 رنز بنا کر راجیتھا کی بال پر ڈی سلوا کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ پاکستان کے چھ کھلاڑی آوٹ ہونے پر سٹیڈیم میں موجود شائقین بھی مایوس ہو کر گھروں کو واپس لوٹنا شروع ہو گئے۔ پاکستان کی ساتویں وکٹ 86 کے ٹوٹل پر آصف علی کی گری انہوں نے 6 رنز بنائے۔ فہیم اشرف 8 رنز بنانے کے بعد نوان پردیپ کا شکار ہوئے۔ نوان پردیپ کی میچ میں تیسری وکٹ تھی۔ پاکستان اننگز کے 100 رنز 17 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورے ہوئے۔ 101 پر پاکستان کی آخری دونوں وکٹیں شاداب خان اور محمد عامر کی گریں۔ شاداب نے 6 اور محمد عامر نے ایک رن بنایا۔ محمد حسنین بغیر کسی سکور کے ناٹ آوٹ رہے۔ سری لنکا کی جانب سے باولنگ میں نوان پردیپ اور اوڈانا نے تین تین، ڈی سلوا نے دو جبکہ راجیتھا نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
پہلا ٹی ٹونٹی: سری لنکا نے پاکستان کو 64 رنز سے شکست دیدی
Oct 05, 2019 | 22:29