لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلی آفس میں صوبائی وزیر لائیوسٹاک سردار حسنین بہادر دریشک اورسیکرٹری جنرل تحریک انصاف جنوبی پنجاب علی رضا دریشک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ بہاولپور اورملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دے دی ہے۔ سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب بہاولپور اورسول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب ملتان کو جدید ترین طرز پر تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریںگے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پہلی بار پائیدار ترقی کا نیا دورشروع ہوا ہے۔ سابق دور میں جنوبی پنجاب کے فنڈزمن پسند ضلعوں پر خرچ کیے گئے۔سابق حکمران جنوبی پنجاب صوبے کے نام پر اپنی سیاست چمکاتے رہے۔ہم جنوبی پنجاب کے عوام کو ان کا حق دے رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب کے لئے مخصوص فنڈ صرف وہاں ہی خرچ ہوںگے۔ دریں اثناء ایک بیان میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ لوٹ مار کی سیاست کرنے والوں کیلئے پاکستان کی زمین تنگ ہو چکی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار بڑے بڑے لوگوں کو احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کیا ہے۔ ماضی میں جن لوگوں پر کوئی ہاتھ نہیں ڈالتا تھا، آج وہ قانون کی گرفت میں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصر کا احتساب تحریک انصاف کا منشور ہے اور تحریک انصاف کی حکومت اپنے منشور سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ لوٹ مار کا دور اب کبھی واپس نہیں آئے گا اور وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اپنی اصل منزل پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے بلاجواز احتجاج غیر جمہوری طرز عمل ہے۔ سردار عثمان بزدار نے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہورلڈ ٹیچرز ڈے منانے کا مقصد اساتذہ کی اہمیت اور احترام کو اجاگر کرنا ہے۔ طالب علم کی سوچ اور فکر کی راہ متعین کرنے میں استاد کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ استاد کو معاشرے میں انتہائی اہم رتبہ اور روحانی باپ کا درجہ حاصل ہے۔ اساتذہ کی عزت و تکریم کی بدولت ہی طالب علم معاشرے میں عزت و شہرت کی بلندی تک پہنچ سکتا ہے۔ میں اپنے اور پورے ملک کے اساتذہ کو عزت و احترام سے سلام پیش کرتا ہوں۔ میں آج جس مقام پر ہوں، اس میں میرے اساتذہ کا بہت بڑا کردار ہے۔