لندن (نیٹ نیوز) برطانیہ میں سب سے بڑی جبکہ امریکا میں دوسری بڑی سنیما کمپنی سائن ورلڈ نے aگلے ہفتے سے امریکا، برطانیہ اور آئرلینڈ میں اپنے تمام سنیما عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق یہ کمپنی امریکا میں اپنے تمام 543 سنیما گھر بند کررہی ہے جن میں 7 ہزار سے زائد سکرینیں ہیں۔ دی سنڈے ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے برطانیہ اور آئرلینڈ میں تمام 128 سنیما گھروں کو بھی بند کیا جارہا ہے اور ان ممالک میں اس کی وجہ جیمز بونڈ فلم نو ٹائم ٹو ڈائی کا التوا ہے۔کرونا وائرس کی وبا کے باعث یہ فلم اب نومبر 2020 کی بجائے اپریل 2021 میں ریلیز ہوگی اور اس سال کی ایک اور بڑی فلم سنیماؤں سے دور ہوگئی۔ بظاہر یہ کمپنیاں جیمز بونڈ فلم کی بروقت ریلیز کی توقع کررہی تھیں، جس سے ٹکٹوں کی فروخت میں اضافے کا امکان تھا۔ سائن ورلڈ نے سنیماؤں کی بندش کی تصدیق تو نہیں کی مگر یہ ضرورت بتایا کہ برطانیہ اور امریکا میں سنیما گھروں کو عارضی طور پر بند کرنے پر غور کیا جارہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوسکا۔