اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال پر تعزیت کیلئے آج پیر کے روز دورہ کویت پر روانہ ہو رہے ہیں ۔ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ مطابق صدر مملکت کویت کے نئے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات کر کے وہ پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا پیغام پہنچائیں گے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور کویت ایک مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔مرحوم امیر کویت کی قیادت میں پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ باہمی تعاون نئی بلندیوں سے ہمکنار ہوا۔ وہ پاکستان کے مخلص اور قابل اعتماد دوست تھے۔ دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور علاقائی امن و سلامتی کے حوالے سے ان کی کوششوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
صدرعلوی شیخ صباح الاحمد کے انتقال پر تعزیت کیلئے آج کویت جائیں گے
Oct 05, 2020