لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما سیف الملوک کھوکھر نے شہباز گل کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کی کھوکھر پیلس میں کوئی ایسی ملاقات نہیں ہوئی۔ سیف الملوک کھوکھر نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو ایسے گھٹیا الزامات لگانے پر شرم آنی چاہئے۔ سیف الملوک کھوکھر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا اپنے لیڈر عمران خان کی طرز پر جھوٹ بولنے کا وطیرہ ہے۔ شہباز گل نے بھی جھوٹا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے چیلنج دیا کہ شہباز گل اگر الزامات ثابت کر دیں تو کھوکھر برادران سیاست کو الوداع کہہ دیں گے۔ شہباز گل کو جھوٹا الزام لگانے پر لیگل نوٹس بھی بھجواؤں گا۔