ٹنڈوآدم ( نامہ نگار )عوامی شکایات ملنے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز احمد جتوئی کی قیادت میں محکمہ صحت کے افسران کا جعلی دواخانے پر چھاپہ جعلی دوا خانے سے چار نیم حکیم گرفتار‘ انکے ساتھی فرار ہو گئے گرفتار جعلی حکیموں کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہ ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق۔ٹنڈوآدم شہر کے پرانہ ٹیکسی اسٹینڈ پر چلنے والے جعلی حکیموں کے دواخانے چلنے اور شہریوں کے ساتھ فراڈ کرنے کی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر ٹنڈوآدم اعجاز احمد جتوئی کی قیادت میں محکمہ صحت کے فوکل پرسن برائے ضلع سانگھڑ ڈاکٹر فاروق آرائیں اور پولیس کی بھاری نفری نے جعلی نیم حکیموں کے دوا خانے پر چھاپہ مار کر چار نیم حکیموں گل خان ولد شیر خان۔سمندر شاہ ولد شیر خان۔ ثمیر احمد ولد عبدالستار۔ اور طاس خان ولد محمد حسن کو جعلی دواخانے پر گرفتار کر لیا جبکہ انکے چھ ساتھی فرار ہو گئے۔ گرفتار جعلی نیم حکیموں کو ٹنڈوآدم سٹی تھانہ پر لایا گیا۔ مگر محکمہ صحت کی جانب سے نہ تو جعلی دواخانے سے ادویات اٹھائی گئیں نہ ان ادویات کو سیمپل کے لئے لیبارٹری بھجوایا گیا۔ جبکہ گرفتار فراڈیوں کو رہا کروانے کیلئے کئی لوگ سرگرم ہو گئے ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ایف آئی آر درج کروانے کے لئے ابھی تک کوئی نہیں آیا۔ محکمہ صحت والے آئینگے تو مقدمہ درج کرلینگے۔ دوسری جانب محکمہ صحت کے ذمیواروں سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے کوئی ریسپانس نہیں دیا۔جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے چھاپے کے لئے بھیجے گئے ڈاکٹر محبوب چانگ ایف آئی آر درج کروانے کی بجائے۔ گرفتار نیم اور جعلی حکیموں سے تھانے پر مل کر واپس چلے گئے۔ گرفتار فراڈیوں کو لاک اپ کرنے کی بجائے مہمانوں کی طرح کمرے میں بٹھایا گیا تھا۔
ٹنڈو آدم میں جعلی حکیموں کے گرد گھیراتنگ
Oct 05, 2020