شادی ہالز، ریسٹورنٹس کورونا پھیلائو کے بڑے مرکز بن رہے ہیں. اسد عمر

Oct 05, 2020 | 15:47

ویب ڈیسک

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کورونا کے پھیلا ئوکے بڑے مرکز بن رہے ہیں۔ پیر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کا اجلاس ہوا۔ جس میں این سی اوسی کو ملک بھر میں کورونا کے پھیلائو سے متعلق آگاہ کیا گیا۔اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں کہا گیا کہ سماجی فاصلے پرعملدرآمد نہ ہونے سے کورونا دوبارہ پھیل رہا ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ بیماریوں کے پھیلائو کو روکنے کے لیے اقدامات انتہائی ضروری ہیں اور ماسک کا استعمال کورونا کے پھیلا ئوکو روکنے میں سب سے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے سے موسم سرما میں کورونا کے پھیلا ئوکو روکا جا سکتا ہے۔ شادی ہالز اور ریسٹورنٹس کورونا کے پھیلائو کے بڑے مرکز بن رہے ہیں۔این سی او سی کی جانب سے کورونا ایس او پیز پرعملدآرمد کرنے پر تعلیمی اداروں کی تعریف کی گئی۔

مزیدخبریں