وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شہریوں کو کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنا ہوگا ، اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پنجاب میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔ کورونا سے متعلق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت صوبے میں کوروناکے مریضوں کی تعداد 1689 ہے،99 ہزار 941 مریضوں میں سے 96 ہزار 12 صحت یاب ہوچکے ہیں ، پنجاب میں اب تک 12 لاکھ 97 ہزار 255 ٹیسٹ کئے گئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 9325 ٹیسٹ کئے گئے، صوبے میں کورونا کے مزید 129 نئے کیس سامنے آئے تاہم کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچائو کے لئے احتیاطی تدابیر تسلسل کے ساتھ اپنائے رکھنا ضروری ہے،کورونا کی دوسری لہر سے بچنے کے لئے شہریوں کو ایس او پیز پر عمل کرنا ہو گا۔
شہریوں کو کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنا ہوگا, پنجاب میں چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا: عثمان بزدار
Oct 05, 2020 | 17:31