بجلی ایک سال کیلئے1.70روپے یونٹ مہنگی

Oct 05, 2021


اسلام آباد (نامہ نگار) نیپرا نے بجلی ایک سال کے لئے 1روپیہ 70پیسے فی یونٹ مہنگی کردی ہے جبکہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 3پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کی گئی ہے۔ نیپرا نے بجلی ایک سال کیلئے 1روپیہ 72پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے۔ جس کے بعد بجلی کی فی یونٹ قیمت 16.44سے بڑھ کر 18.16روپے فی یونٹ ہو گئی ہے۔ اور اس فیصلے سے بجلی صارفین پر 90ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔ اس حوالے سے اتھارٹی نے بجلی مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت میں ہونے والا حالیہ اضافہ 2019-20 اور 2020-21 کی سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹس کی مد میں کیا گیا ہے۔ فیصلے کا اطلاق 300یونٹ سے زائد استعمال کرنے والوں پر ہو گا۔ 80فیصد صارفین ماہانہ 300یونٹ سے زائد استعمال کرتے ہیں۔ کے الیکٹرک صارفین پر فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ وصولیوں میں بھی کمی ہو گئی ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق ڈسکوز کے نقصانات 38.55فیصد تک پہنچ گئے۔ بجلی کمپنیوں کے نقصانات کے نئے اعدادوشمار کے حوالے سے سرکاری دستاویز کے مطابق تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات 38.55فیصد تک پہنچ گئے ہیں۔ دستاویز کے مطابق مالی سال 2020-21میں حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو )کے ترسیل و تقسیم کے نقصانات 38.55فیصد رہے۔ پشاور الیکڑک سپلائی کمپنی( پیسکو) کے نقصانات 38.18فیصد‘ سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی ( سیپکو) کے نقصانات 35.27فیصد اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی ( کیسکو )کے نقصانات 27.9فیصد رہے۔ دستاویز کے مطابق ٹرائیبل الیکٹک سپلائی کمپنی ( ٹیسکو) 9.58فیصد، گوجرانوالہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (گیپکو) 9.23فیصد اور اسلام آبادالیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے لاسز 8.54فیصد رہے۔ مالی سال 2020-21میں کیسکو کی ریکوری کی شرح 39.80فیصد، سیپکو کی ریکوری کی شرح 64.68فیصد حیسکو 75.63فیصد رہی جبکہ آئیسکو، گیپکو، میپکو اور پیسکو کی ریکوری کی شرح 100فیصد سے زائد رہی۔  نیپرا کا کہنا ہے کہ ریکوریز کی شرح کم رہنے سے سرکلر ڈیٹ میں اضافہ ہورہا ہے۔

مزیدخبریں