اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان قطر کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76ویں اجلاس کے موقع پر قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ عزت مآب شیخ محمد بن عبدالرحمان ال ثانی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان اور قطر کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ قطری سفیر نے شاہ محمود قریشی کو دوحہ فورم میں شرکت کا دعوت نامہ دیا اور شکریہ ادا کرتے ہوئے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین 70 سالہ سفارتی تعلقات کی تکمیل پر شجرکاری کی تقریب سے شاہ محمود قریشی نے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ارجنٹینا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم کا کردار انتہائی اہم ہے۔ شاہ محمود قریشی اور ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈو فرانسسکو ساہورس نے ارجنٹینا پارک میں تقریب میں یادگاری پودے لگائے۔ ارجنٹینا کے سفیر نے دو طرفہ سفارتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ جاپان کے سفیر کونیٹوری ماتسودا نے وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے الوداعی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈنمارک میں تعینات پاکستانی سفیر ایمبیسڈر احمد فاروق بھی شاہ محمود قریشی سے ملے۔ پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات کے استحکام اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے احمد فاروق کی خدمات کو سراہا۔