لاہور (نیوز رپورٹر) زندہ دلان لاہور کیلئے بزدار حکومت کا ایک اور بڑا تحفہ، گلبرگ سے موٹروے ایم ٹو تک ایلیویٹڈ ایکسپریس وے بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے منصوبے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے کینال بینک روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، ملتان روڈ، بند روڈ سے بابوصابو تک بنے گی۔ اس سے لاہور کی تقریباً بڑی سڑکیں منسلک ہوں گی۔ ایکسپریس وے کے ساتھ بس کے لئے گزر گاہ بھی بنائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ لاہور کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر میگا منصوبے شروع کئے ہیں۔ مصروف سڑکوں پر ٹریفک کے دبائو میں 65فیصد تک کمی ہوگی۔ عثمان بزدار نے لاہور میٹروبس سروس کیلئے 64 نئی ماحول دوست بسوں کے فلیٹ کا افتتاح کر دیا۔ میٹرو بس ڈپو فیروز پور روڈ پر نئی بسوں کو پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حوالے کرنے کیلئے خصوصی تقریب ہوئی۔ عثمان بزدار نے نقاب کشائی کی اور نئی بسوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ جدید بس کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ گئے اور سہولتوں کو سراہا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور اور لاہور کے شہری ہمارے لئے خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ میں اور میری ٹیم لاہور کے مسائل اور ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ ٹریفک لاہور کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔ ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کے لئے انڈر پاس اور اوورہیڈ برج بنائے جا رہے ہیں۔ تحریک انصاف نے شفافیت کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے دیگر منصوبوں کی طرح اس منصوبے میں سرکاری وسائل بچائے ہیں۔ شفافیت سے Veda کے ساتھ کنٹریکٹ کر کے مجموعی طور پر 2ارب روپے سے زائد کی بچت کی۔ میٹرو بس کا پرانا معاہدہ ایک غیر ملکی کمپنی کے ساتھ کیا گیا۔ جبکہ موجودہ ایگریمنٹ پاکستانی کمپنی کے ساتھ کیا گیا ہے۔ سابقہ دور میں اورنج لائن میٹروٹرین کا منصوبہ شروع کیا گیا۔ ہماری حکومت نے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وسیع تر قومی مفاد اور انٹرنیشنل کمٹمنٹ کے پیش نظر اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کو فنکشنل بھی کیا اور اس کا کرایہ بھی 40روپے تک محدود رکھا اور اس منصوبے کیلئے سالانہ تقریباً 6.3ارب روپے سبسڈی بھی دے رہے ہیں اور مالی مشکلات کے باوجود ان منصوبوں کو جاری رکھا۔ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے عزم کے تحت لاہور میں الیکٹرک بسیں چلانے کا پراجیکٹ بھی لارہے ہیں۔ پنجاب کے بڑے شہروں میں بھی نئی ماحول دوست بسیں شروع کی جائیں گی۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کے دائرہ کار کو وسعت دے کر اسے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے تحت فیصل آباد، بہاولپور، میانوالی اور ڈیرہ غازی خان میں اربن ٹرانسپورٹ کی جدید ترین سہولت فراہم کی جائے گی۔ عثمان بزدار سے معاون خصوصی برائے اطلاعات حسان خاور نے ملاقات کی۔سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے سال 2021-22ء پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نے اے ڈی پی پر سہ ماہی پیشرفت کے بارے میں رپورٹ پیش کی۔ وزیراعلی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ 3 سال میں ساڑھے 15 ہزار سے زائد پراجیکٹ کی تکمیل خوش آئند ہے۔ رواں مالی سال میں 3975ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جائیں گے۔ منصوبوں میں اعلی معیار اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ اچھی کارکردگی پر شاباش دیں گے اور سپورٹ کریں گے۔ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والوں کو جوابدہی کا سامنا کرنا ہو گا۔