عمر شریف کی جرمنی میں نماز جنازہ ادا‘ میت کل کراچی پہنچے گی 

Oct 05, 2021


نیورمبرگ (نوائے وقت رپورٹ) معروف پاکستانی اداکار عمر شریف کی جرمنی کے شہر نیورمبرگ میں نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔پاکستان میں نماز جنازہ بدھ کو سہ پہر 3بجے مولانا بشیر فاروقی  پڑھائیں گے‘ تدفین عبداللہ شاہ غازی کے احاطہ میں ہوگی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ کیلئے نیورمبرگ سٹی کی ترک مسجد میں مسلم کمیونٹی کا اجتماع منعقد کیا گیا۔ نماز جنازہ کیلئے پاکستانی قونصل جنرل زاہد حسین تین گھنٹے کی مسافت طے کر کے نیورمبرگ پہنچے۔ عمر شریف کے دنیا بھر سے مداحوں کی بڑی تعداد نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔ اداکار عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے کراچی میں حضرت عبداﷲ شاہ غازی کے مزار پر حاضری دی اور والد کی تدفین کے لئے قبر کی جگہ کا تعین کرنے کیلئے دیگر لواحقین اور انتظامیہ سے مشاورت کی۔ جواد عمر نے مزید کہا کہ صوبائی و وفاقی حکومت اور جرمنی میں پاکستانی قونصلیٹ کے تعاون پر مشکور ہیں۔  عمر شریف کی میت بدھ کی صبح 5 بجکر 45 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق عمر شریف کی میت پاکستان لانے کیلئے غیر ملکی ائر لائن پر بکنگ کرائی گئی ہے۔ میت جرمنی کے شہر میونخ سے فلائٹ نمبر ٹی کے 1634 پر روانہ کی جائے گی۔ پرواز پاکستانی وقت کے مطابق شام 6 بجکر  5 منٹ پر میونخ سے استنبول روانہ کی جائے گی۔ استبنول سے پرواز ٹی کے 708 آج رات ساڑھے دس بجے کراچی کیلئے روانہ کی جائے گی۔

مزیدخبریں