بھارتی کسانوں کے احتجاج میں شدت:سدھو،پر یانکاگاندھی سمیت کئی گرفتار


نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت میں کسانوں کے احتجاج کے دوران اپوزیشن رہنما پریانکا گاندھی اور نوجوت سنگھ سدھو سمیت متعدد رہنمائوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت میں کسانوں کے پرامن احتجاج میں وزیر کے بیٹے نے گاڑی چڑھانے سے  8 افراد ہلاک ہونے پر احتجاج شدت اختیار کر گیا۔ نوجوت سنگھ سدھو‘ پریانکا گاندھی سمیت متعدد رہنمائوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ پنجاب اور چھتیس گڑھ کے وزرائے اعلیٰ کو اتر پردیش میں داخلے سے روک دیا گیا ہے جبکہ اترپردیش‘ پنجاب کے ساتھ بارڈر کو سیل کر دیا گیا ہے اور سکھ کسانوں کو اتر پردیش میں داخلے سے بھی روک دیا گیا ہے۔ مودی سرکار کسانوں کی ہلاکت کا معاملہ دبانے کی کوشش کر رہی ہے۔ پریانکا گاندھی مرنے والے کسانوں کے خاندان سے ملنے جا رہی تھیں۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکلیش یادیو کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر کو لکھنو ائرپورٹ پر لینڈ کی اجازت نہیں دی گئی۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ متاثرہ خاندانوں سے ملنے اتر پردیش جانا چاہتے تھے۔

ای پیپر دی نیشن