لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے ملاقات کی۔ مسئلہ کشمیر و فلسطین اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سمیت دیگر امور پربات چیت کی گئی۔ گورنر چوہدری سرور اور رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین فوری حل کر نے کا مطالبہ کیا۔ ناز شاہ نے گورنر ہائوس لاہور میں چوہدری سرور سے ملاقات کی اور بر طانیہ میں کشمیری اور فلسطینی عوام کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنے اور بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کر نے سمیت دیگر امور کے حوالے سے بتایا۔ جبکہ گورنر پنجاب نے ناز شاہ سمیت دیگر بر طانوی اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آزادی کیلئے آواز بلند کرنے کو سراہا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی قوم کا فخر ہیں اور دنیا بھر میں بسنے والے پاکستانی کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چوہدری سرور نے کہا کہ کشمیر میں جاری بھارتی دہشت گردی پر دنیا کی خاموشی بھی کسی جرم سے کم نہیں۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ہوتے ہوئے خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آج بھی امن اور اقلیتوں کے ساتھ ہے اور بھارت دہشت گردوں کے ساتھ ہے۔ رکن برطانوی پارلیمنٹ ناز شاہ نے کہا کہ دنیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کا حل کرنا لازم ہو چکا ہے۔ ہم ہر لمحہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کی آزادی کیلئے پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر آواز بلند کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نر یندر مودی کشمیریوں اور بھارتی مسلمانوں کا قاتل ہے دنیا کو سخت نوٹس لینا ہوگا۔ بعدازں گورنر چوہدری محمد سرور سعودی حکومت کی دعوت پر عمرہ کی ادائیگی کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔
ناز شاہ کی ملاقات‘ مودی کے ہوتے ہوئے خطے میں امن ممکن نہیں: گورنر
Oct 05, 2021