چک جھمرہ : بااثر افراد کا معمر خاتون پر سربازار برہنہ کرکے تشدد

Oct 05, 2021

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ چک جھمرہ کے علاقے 116 ج ب رڑا ٹاہلی کی بزرگ خاتون رشیدہ کو بااثرافراد نے کپڑے پھاڑکر برہنہ کردیا اور گھر سے گھسیٹتے ہوئے باہر لاکر سرعام بازار میں تشدد کرتے رہے۔ بنت حوا کی عصمت دری کردی گئی۔ عورت سمیت چار رکنی گروہ نے رشیدہ بی بی کی چھاتی پر بھی تشدد کیا اور مبینہ طور پر شلوار بھی اتار دی اور قمیض چاک کر کے بازار میں سرعام برہنہ کردیا گیا۔ متاثرہ عورت کا الزام وجہ عناد یہ بتائی جاتی ہے کہ آپ کا بیٹا پندرہ سالہ عمر اپنے مکان کی چھت سے ہمارے گھر کی طرف جھانکتا ہے۔ متاثرہ خاندان کے مطابق ان کابچہ گھر میں موجود ہی نہیں تھا بلکہ حویلی میں تھا۔ اہل محلہ نے برہنہ عورت کے جسم کو ڈھانپا۔ بعد میں ملزمان گروپ کے مزید ساتھی کلہاڑی اور سوٹے لیکر آگئے۔ ہنگامی کال پر پولیس چک جھمرہ نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ دو فرار ہوگئے۔ ملزمان کے خلاف تھانہ چک جھمرہ میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ رشیدہ بی بی کی مدعیت میں محمد اکرم کے بیٹوں شعیب، سیف الرحمن، اور اسکی بیوی خالدہ بی بی سمیت محمد اکرم پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ جبکہ متاثرہ خاتون رشیدہ بی بی نے اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔  وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فیصل آباد کے تھانہ چک جھمرہ میں بزرگ خاتون سے ناروا سلوک اور تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ملزمان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ بزرگ خاتون کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے۔

مزیدخبریں