لاہور (سٹاف رپورٹر+نیوز رپورٹر) وزیرِ جیل خانہ جات و ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے پنڈورہ پیپرز اور ن لیگی رہنماؤں کے بیانات پرکہا ہے کہ سرتاپا کرپشن میں لتھڑے ن لیگیوں پر پنڈورا پیپرز مایوسی کی بجلی بن کر گری ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی آف شور کمپنیوں کا شور مچانے والوں کو ایک بار پھر منہ کی کھانی پڑی۔ ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ نارووال ارسطو احسن اقبال ایک بار پھر اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی پر اب چْلو بھر پانی لازمی تلاش کرے۔ انہوں نے کہا کہ وقت سے پہلے دونوں ہاتھ اور ایک ٹانگ اٹھا کر لڈیاں ڈالنے اور الزام لگانے کی عادی ن لیگی قیادت کو حقیقت کا ادراک ہونے تک رسوائی اور جگ ہنسائی ان کی قسمت میں لکھی جا چکی ہوتی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ن لیگ نے پانامہ لیکس کے ریلیز ہونے کے سات ماہ بعد شدید ملک گیر احتجاج اور جلسوں کے بعد مجبوراً تحقیقات شروع کرائیں۔ اس کے برعکس وزیرِاعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز آنے کے فوراً بعد مکمل تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔
پنڈورا پیپرز ن لیگیوں پر مایوسی کی بجلی بن کر گری: فیاض چوہان
Oct 05, 2021