اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آن لائن نظام سے منسلک نہ ہونے والوں پر 30 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے آن لائن نظام سے منسلک نہ ہونے والوں پر جرمانے لاگو کرنے کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ سیلز ٹیکس کے تحت نئے اقدامات جلد اٹھائے جائیں گے تاکہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے کمپیوٹرائزڈ نظام سے منسلک نہ ہونے والوں پر پہلی بار 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ دوسری بار نوٹس کی تعمیل نہ کرنے کی صورت میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایسے افراد پر 10 لاکھ جرمانہ عائد کرے گا۔ذرائع کے مطابق تیسرے نوٹس کی تعمیل نہ کرنے پر 20 لاکھ جبکہ چوتھے نوٹس کی خلاف ورزی پر 30 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔ایف بی آر کے فیصلے کے تحت چوتھی بار جرمانہ عائد ہونے کے 15روز بعد دکانیں سیل کردی جائیں گی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے ٹیکس کی مد میں ایف بی آر کے 1 ہزار 395ارب روپے جمع کرنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برس اسی عرصے سے تقابل کرنے پر ٹیکس کی شرحِ نمو 38 فیصد ثابت ہوتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر4روز قبل اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایف بی آر نے مالی سال 22-2021 کی پہلی سہ ماہی کے دوران 1 ہزار 211 ارب کے طے شدہ ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کیا۔