وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب کے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے مجوزہ مسودے کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لوکل گورنمنٹ نظام کے مسودے کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم نچلی سطح پر عوام کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے۔نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے تحت پنجاب میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی تعداد 11تجویزکی گئی ہے۔میونسپل کارپوریشن کی تعداد15رکھنے کی تجویز ہے۔نئے سسٹم کے تحت میونسپل کمیٹیوں کی تعداد 133اورٹاؤن کمیٹیوں کی تعداد64 رکھنے کی تجویزہے۔انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت 35ڈسٹرکٹ کونسلز کے قیام کی تجویز پیش کی گئی ہے۔لوکل گورنمنٹس کو زیادہ سے زیادہ اختیارات دے کر بااختیار بنایا جائے گا۔ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ لو کل گورنمنٹ اتھارٹی کے قیام کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین ضلع کونسل ڈسٹرکٹ لوکل گورنمنٹ اتھارٹی کا چیئر پرسن ہوگا۔ٹریڈرز کے لئے ایک مخصوص نشست مختص کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔تحریک انصا ف کی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے مسودے کو حتمی شکل دے کر کابینہ میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔اجلاس میں نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم اورمقامی حکومتوں کے نمائندوں کے اختیارات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔صوبائی وزراء راجہ بشارت،میاں محمود الرشید،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری قانون،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔