لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی فٹبال ٹیم کے برازیلی فزیکل ٹرینر کھلاڑیوں کی فٹنس مثالی بنانے کیلئے پر امید ہیں،روڈریگو ایسٹیوزڈوس سانتوزنے کہا ہے کہ لاہور میں جاری تربیتی کیمپ میں شریک پلیئرز میں آگے بڑھنے کی صلاحیت اور جذبہ ہے،انہیں سیکھنے کا شوق بھی ہے۔اسی وجہ سے ان کی کارکردگی میں ہر گزرتے دن کیساتھ بہتری آرہی ہے۔میری بھرپور کوشش ہے کہ ان کی فٹنس کے معیار کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کروں۔صرف ایک ماہ قبل ہی پی ایف ایف کیساتھ منسلک ہوا ہوں،پہلے روزسے ہی فٹبالرز کا رویہ مثبت رہا اور انھوں نے بہتری کی جانب سفر جاری رکھا،کھلاڑی مختلف شہروں اور کلبز سے تعلق رکھنے کے باوجود ایک یونٹ کی صورت میں ٹریننگ کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں انتہائی سنجیدگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
میری توجہ فٹبالرز کو مستعد اور مضبوط بنانے پر مرکوز رہے گی، کھلاڑیوں کی غذا کا خیال رکھنے کیساتھ سلپیمنٹس کا بھی استعمال کرایا جارہا ہے، ذہنی طور پر مضبوط بنانے کیلئے پریکٹس میچز بھی کروائے جارہے ہیں، مثالی فٹنس اور مہارت کے امتزاج سے ہی بہترین نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں، امید ہے کہ پاکستانی کھلاڑی انٹرنیشنل سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنے میں کامیاب ہوں گے۔
پاکستانی فٹبالرز میں سیکھنے کا شوق‘مثالی فٹنس کیلئے پر امید ہیں : برازیلی فزیکل ٹرینر
Oct 05, 2022